پی ایس ایل 6، مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے

تینوں کھلاڑیوں میں علامات ظاہر ہونےپرکورونا ٹیسٹ گزشتہ روز کرائے گئے :پی سی بی، کئی غیر ملکی کرکٹرز کا پی ایس ایل میں مزید شرکت پر تحفظات کا اظہار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 4 مارچ 2021 09:41

پی ایس ایل 6، مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 مارچ 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو مختلف ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئےہیں ۔ پی ایس ایل نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ دو مختلف ٹیموں کے مزید تین کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جنہیں 10 دن کے لیے قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ تینوں کھلاڑی بدھ کے روز پی ایس ایل میچز کھیلنے والی ٹیموں کا حصہ نہیں تھے، کیوں کہ یہ کھلاڑی بدھ کے روز میچز کھیلنے والی ٹیموں کا حصہ نہیں تھے اس لیے خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں کا تعلق اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کےسکواڈ سے تھا تاہم پی سی بی نے اس معاملے پر کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

کھلاڑیوں میں کورونا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد سہ پہر کو کورونا وائرس کے لئے ٹیسٹ کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لیگ کی آرگنائزنگ کمیٹی آج ٹیم مالکان اور انتظامیہ کے ساتھ نئے معاملات پر ورچوئل میٹنگ کرے گی اور اجلاس کے بعد اس کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق کئی غیر ملکی کرکٹرز نے پی ایس ایل میں مزید شرکت پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے،7کرکٹرز اور ایک آفیشل کے مثبت کورونا ٹیسٹ نے بائیو ببل پربھی سوال اٹھا دیے ہیں،آج بورڈ حکام اور اونرز کی میٹنگ میں اہم فیصلے متوقع ہیں،ایونٹ کو کراچی میں ہی مکمل کرنے یا التوا کے آپشنز پر بھی بات ہو گی۔