زرداری ، نواز ، مولانا رابطہ : وزیراعظم سے فوری استعفے اور نئے الیکشن کا مطالبہ کردیا

ہم نے حکمت عملی سے حکومتی طاقتور امیدوار کو شکست دی ہے، اب اتحادیوں کی مشاورت سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا فیصلہ کریں گے ، اسی اتحاد سے عمران خان کو جلد اقتدار سے رخصت کریں گے ، اپوزیشن رہنماء پر عزم

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 مارچ 2021 12:34

زرداری ، نواز ، مولانا رابطہ : وزیراعظم سے فوری استعفے اور نئے الیکشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 مارچ2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں ، وزیراعظم عمران خان سے فوری استعفے اور نئے الیکشن کا مطالبہ کردیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی یقینی بنانے پر دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ، تینوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم کی مستقبل کی حکمت عملی اور لانگ مارچ کی تیاریوں پر بھی بات چیت کی جب کہ وزیراعظم عمران خان سے فوری استعفے اور نئے الیکشن کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس دوران سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت کے اپنے اراکین ہم سے رابطے میں ہیں کیوں کہ وہ حکومت سے تنگ ہیں ، ہم نے حکمت عملی سے حکومتی طاقتور امیدوار کو شکست دی ہے، اب اتحادیوں کی مشاورت سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ہمارے مشترکہ اور متفقہ امیدوار تھے ، ان کی کامیابی پی ڈی ایم کی کامیابی ہے ، اسی اتحاد سے عمران خان کو جلد اقتدار سے رخصت کریں گے۔

واضح رہے سینٹ الیکشن کی قومی اسمبلی کی جنرل نشست پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے5 ووٹوں سے حفیظ شیخ کو شکست دی ، یوسف رضا گیلانی کو 169 اور تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کو164 ملے، الیکشن میں 7 ووٹ مسترد ہوئے ، اس حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی 5 ووٹوں سے جیت کم ہے، ہماری جیت 20 ووٹوں سے ہونی چاہیے تھی، عمران خان آج اسمبلیاں توڑ دیتا ہے تو ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں ، انہوں نے سینیٹ الیکشن میں جیت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ کا چیئرمین بنانے کا پارٹی اور پی ڈی ایم سوچے گی ، میں کہنا چاہتا ہوں کہ سینیٹ الیکشن میں پانچ ووٹوں کی جیت کم ہے، 20 ووٹوں کی جیت ہونی چاہیے تھی جو نہیں ہوئی ہے، ووٹ ہمیں کیوں کم پڑے، اس کا آپ لوگوں کو پتا ہونا چاہیے، میں سندھی سیاستدان ہوں، کراچی میں بیٹھا ہوا ہوں۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ اپنی صحت کے بارے میں بتایا کہ اللہ کا شکر ہے علاج چل رہا ہے، طبیعت کچھ بہتر ہے علاج چل رہا ہے،اللہ کا شکر ہے، ان کے کچھ لوگ آئے تھے میں نے کہا کہ انہیں بھگاؤ، وہ ایم این ایز نہیں تھے کچھ لوگ اور فراڈ تھے،میں نے کہا کہ میری میٹنگ ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑ دیتا ہے تو ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں۔