پاکستان خطے میں قیام امن کی کوششوں میں معاونت کیلئے پر عزم ہے ،شاہ محمودقریشی

وزیرِ خارجہ کانارویجن ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ ،دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اوردو طرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال

جمعرات 4 مارچ 2021 13:21

پاکستان خطے میں قیام امن کی کوششوں میں معاونت کیلئے پر عزم ہے ،شاہ محمودقریشی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں قیام امن کی کوششوں میں معاونت کیلئے پر عزم ہے ۔جمعرات کو وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے نارویجن ہم منصب اینا ایرکسن سورادے کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دوران گفتگو دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال،اہم علاقائی و عالمی امور اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، ناروے کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،پاکستان اور ناروے کے مابین بڑھتا ہوا تجارتی تعاون، خوش آئند ہے ۔انہوں نے کہاکہ نارویجین کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے ذریعے، ہماری کاروبار دوست پالیسیوں سے مستفید ہو سکتی ہیں ۔وزیر خارجہ نے ناروے کی وزیرِ خارجہ کو افعان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کی کوششوں میں معاونت کیلئے پر عزم ہے ۔ناروے کی وزیرِ خارجہ نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔