بحیثیت قوم پرعزم ہیں کہ پی ایس ایل 6 کو مکمل کیا جائے: پی سی بی

دوبارہ ایونٹ کروانا اور بھروسہ حاصل کرنا بہت مشکل ہوگیا ، موقع ملتے ہی نئی تاریخیں دی جائیںگی: سی ای او وسیم خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 4 مارچ 2021 16:01

بحیثیت قوم پرعزم ہیں کہ پی ایس ایل 6 کو مکمل کیا جائے: پی سی بی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 مارچ 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹیو نے کورونا کیسز سامنے آنے کے باعث ایونٹ کو ملتوی کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم گزشتہ سیزن کی طرح رواں سیزن بھی مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کراچی میں پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر سہیل اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ بابر حامد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں پڑنے والے اثرات سے ہمیں اور بالخصوص فرنچائزز کو تشویش ہورہی تھی اور اسی لیے ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ جیسے ہی موقع ملا تو دوبارہ ایونٹ منعقد کیا جائے گا ،دوبارہ ایونٹ کروانا اور بھروسہ حاصل کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم حالات کو قابو میں لانے اور مزید مشکلات سے بچنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل 6 کا باقاعدہ اختتام ہو جیسا پی ایس ایل 5 کا کیا تھا اور بقیہ میچز کروائے جاسکیں اور بعد میں نئی تاریخوں کے لیے مواقع تلاش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ پی ایس ایل 2021ء کو ملتوی کردیا گیا ہے لیکن بحیثیت قوم ہم پرعزم ہیں کہ ایونٹ کو مکمل کیا جائے۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کو قصور وار ٹھہرانا غلط ہے ،پورے ایونٹ کے دوران پشاور زلمی کے کسی کھلاڑی کا ٹیسٹ پازیٹو نہیں آیا، جاوید آفریدی، وہاب ریاض اور ڈیرن سیمی کی ملاقات غیر ارادی تھی جس پر انہوں نے معذرت بھی کی تھی، بعد میں جاوید آفریدی ڈیرن سیمی اور وہاب ریاض کی نہ صرف ٹیسٹ نیگیٹو بلکہ سیلف آئسولیشن بھی کی ، ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے تینوں کے ٹیسٹ نیگیٹو آنے اور زلمی کی معذرت اور اپیل کے بعد وہاب اور سیمی کو اسکواڈ جوائن کرنے کی اجازت دی۔