پی ایس ایل 6 کو 5 دن کیلئے موخر کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا گیا: وسیم خان

فرنچائزز نے ہمیں آگاہ کیا کہ کھلاڑیوں کی ذہنی حالت ایسی نہیں کہ وہ لیگ جاری رکھ سکیں جسکے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ ایونٹ کو ملتوی کرنا بہتر ہوگا: سی ای او پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 4 مارچ 2021 17:12

پی ایس ایل 6 کو 5 دن کیلئے موخر کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا گیا: وسیم خان
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 مارچ 2021ء ) پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے انکشاف کیا ہے کہ کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ جاری رکھنے پر خوف تھا جس کی وجہ سے بالآخر پی ایس ایل 6 ملتوی کردیا گیا۔ جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ انہوں نے ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کرنے سے پہلے مختلف آپشنز پر غور کیا تھا۔

(جاری ہے)

وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس لیگ کو 5 دن کے لئے ملتوی کرنے کا آپشن تھا تاکہ حالات سے مکمل آگاہی حاصل کرسکیں تاہم فرنچائزز نے ہمیں آگاہ کیا کہ کھلاڑیوں کی ذہنی حالت ایسی نہیں ہے کہ وہ لیگ کھیلنا جاری رکھ سکیں جس کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ ایونٹ کو ملتوی کرنا ہی بہتر ہوگا ،ہم آہستہ آہستہ اور احتیاط سے کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور ببل سے باہر نکال رہے ہیں تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم مختلف ونڈوز کی کھوج کر رہے ہیں کیونکہ ہم ٹورنامنٹ کو اسی طرح ختم کرنا چاہتے ہیں جس طرح پی ایس ایل 5 کے پلے آف مقابلے مکمل کیے تھے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل میں شامل 7 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا۔