جاپان کی جانب سے ہلال ِاحمر کو 5 ایمبولینسز کا عطیہ

ٹرانسپورٹیشن اور فرسٹ ایڈ آلات نصب کرنے کیلئے 90,899 ڈالر کی بھی امداد، مفاہمتی یادداشت پر جاپانی سفیر اور ابرار الحق نے دستخط کیے

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 4 مارچ 2021 17:21

جاپان کی جانب سے ہلال ِاحمر کو 5 ایمبولینسز کا عطیہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ2021ء،نمائندہ خصوصی،عمر جنجوعہ) جاپان حکومت کی جانب سے ہلالِ احمر پاکستان کو 5 ایمبولینس اور 90 ہزار 899 ڈالر کی رقم کا عطیہ دیا ہے، ہلالِ احمر کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا سانحہ کے دوران بہتر خدمات مہیا کی جائیں گی۔ اِس حوالے سے چیئرمین ہلالِ احمر ابرار الحق اور جاپان کے سفیر کو نوری مستودانے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

اِس موقع پر قائمقام سیکرٹری جنرل ہلال ِ احمر ڈاکٹر عدیل نواز، بریگیڈئر(ر) عبد الہادی، کرنل(ر) شاہ رُخ کے علاوہ جاپان سفارتخانہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔ جاپان حکومت کی یہ امداد استعمال شدہ ایمبولینس کو دوبارہ قابل ِ استعمال بنانے کے منصوبہ کا حصہ ہے۔ مالی تعاون کو جاپان سے 5 ایمبولینس کو پاکستان لانے پر خرچ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مذکورہ ایمبولینس کو دوبارہ قابل اعتماد بنا کر فرسٹ ایڈ آلات سے لیس کیا جائے گا۔

مفاہمتی یادداشت پر ستخطوں کی تقریب سے خطاب میں جاپان کے سفیر کونوری مستودا کا کہنا تھا کہ موجودہ وباء کی صورتحال میں ہلالِ احمر کا کردار قابلِ تعریف ہے۔ ہماری جانب سے فراہم کردہ ایمبولینس کی بدولت ہلالِ احمر اپنی خدمات کا دائرہ کار بڑھائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کوویڈ 19 کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔ ہم جان چکے ہیں کہ زندگی کتنی اہم ہے۔

ہلال ِاحمر کے چیئرمین ابرار الحق کا کہنا تھا کہ جاپان حکومت کی 5 ایمبولینس کی فراہمی اور انہیں جدید آلات سے لیس کرنے اور پاکستان لانے کیلئے مالی تعاون پر مشکور ہیں اِس تعاون سے ہلال ِاحمر کی آپریشنل صلاحیتوں کو تقویت ملے گی۔ اِس منصوبہ سے عوام الناس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال یا قدرتی آفت کے دوران ہلالِ احمر کی جانب سے بروقت اور معیاری خدمات موقع پر ملیں گی۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان دوست ممالک ہیں اور باہمی تعلقات نئے دور میں داخل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے وفود کے تبادلوں کے پروگرام سے نوجوانوں کو ترقی، صحت عامہ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور معاشرے کے کمزور طبقہ کو خوشحال بنانے میں مدد ملے گی۔