نوازشریف ٹرینڈ سیٹر، لندن میں بیٹھ کر طاقت کے ایوانوں کو ہلاکر رکھ دیا

عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لیا تو آگے گھڑا پیچھے کھائی ہے، سینیٹ الیکشن میں پیسہ نہیں چلا بلکہ مسلم لیگ ن کا ٹکٹ چلا ہے، نوازشریف نے فول ٹاس اور یارکر پر چھکے لگائے تو انہیں کہنا پڑا ہمیں سیاست میں مت گھسیٹو۔ مریم نواز کا پارٹی کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 4 مارچ 2021 17:50

نوازشریف ٹرینڈ سیٹر، لندن میں بیٹھ کر طاقت کے ایوانوں کو ہلاکر رکھ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04مارچ2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف ٹرینڈ سیٹر، لندن میں بیٹھ کر طاقت کے ایوانوں کو ہلادیا، سینیٹ الیکشن میں پیسہ نہیں چلابلکہ مسلم لیگ ن کا ٹکٹ چلا ہے،نوازشریف نے فول ٹاس اور یارکر پر چھکے لگا ئے تو ان کو کہنا پڑا ہمیں سیاست میں مت گھسیٹو۔انہوں نے مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ارکان اسمبلی کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں کہ کوئی آپ کو ڈرا ، دھمکا اور جمہوریت ، آئین کے راستے سے ہٹا نہیں سکا، اور کوئی آپ کو قائد نوازشریف سے جد انہیں کرسکا، میں سب کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ 83کے 83ارکان نے نوازشریف کو ووٹ دیا۔

جبر دھونس دھاندلی کا دور جو آج دیکھا، ظلم انتقام جس طرح سے کیا گیا آفرین ہے ارکان اسمبلی پر کہ انہوں نے نوازشریف کا سر نہیں جھکنے دیا، ان کا خیال تھا کہ جھوٹے اقامے پر نوازشریف کو باہر پھینکے گے تو مسلم لیگ ن ٹوٹ جائے گی، پانامہ کے جھوٹے مقدمات میں سزائیں دے کر ہم مسلم لیگ ن کو توڑ لیں گے، شہبازشریف، حمزہ شہباز، مریم نواز ، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ شیرپنجاب کو، حنیف عباسی پر مقدمات بنا کر ہم مسلم لیگ ن کو توڑ دیں گے، اللہ کی لاٹھی بڑی بے آواز ہے، لیکن اس کے باوجود مسلم لیگ ن نہیں ٹوٹی، مسلم لیگ ن کو توڑنے والے خود ٹوٹ رہے ہیں، کہتے تھے نوازشریف کے بیانیئے کا بوجھ بھاری ہے کون اٹھائے گا؟ لیکن ہر کارکن نے نوازشریف کے بیانیئے کا بوجھ اٹھاکر دکھایا۔

(جاری ہے)

آج ریڑھی والا، تاجر، صنعتکار، سیاستدان گھر کی خواتین بھی نوازشریف کا بیانیہ بول رہے ہیں ایک بیانیہ سر چڑھ کربول رہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو، آج نوازشریف کے بیانیئے کا ملک بھر میں ڈنکا بج رہا ہے، عوام جھولیاں بھر کردعائیں دے رہے ہیں کہ اللہ نوازشریف کو لے کرآئیں۔نوازشریف کا کارکن ڈرتا جھکتا نہیں، غلطی فہمی میں نہ رہنا، کہ نوازشریف کا کارکن صرف ووٹ دینے نکلتا ہے، نوازشریف کا کارکن جاگ گیا ہے ، ڈسکہ میں دیکھ لیا؟ اس بھول اور غلطی فہمی میں نہ رہنا کہ نوازشریف کا کارکن ڈر اور ہٹ جائے گا۔

نوازشریف کا کارکن عوام کے ووٹوں اور جیبوں پر ڈاکا نہیں ڈالنے دے گا۔ نوازشریف نے جیل جانا، بیٹی کا جیل جانا، بیوی اور والدہ کی موت بھی برداشت کی، لیکن عوام کا سر نہیں جھکنے دیا، آج ان کو کہنا پڑا ہمیں سیاست میں مت گھسیٹو، یہ اس وقت ممکن ہوا جب نوازشریف نے فول ٹاس اور یارکر پر چھکے لگا کر گیند گراؤنڈ سے باہر پھینکی ۔جس کو تم کہتے تھے نوازشریف کی سیاست ختم ہوگئی اس نوازشریف نے لندن میں بیٹھ کر طاقت کے ایوانوں کو ہلادیا، نوازشریف ٹرینڈ سیٹر ہے،جب وہ بہادری دکھاتا ہے تو حکومت ہلا دیتا ہے، وہ 22گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کرتا ہے، موٹروے بناتا ہے، سینیٹ الیکشن میں پیسہ نہیں چلابلکہ مسلم لیگ ن کا ٹکٹ چلا ہے۔