فنی تعلیم کے معیار کو بہتر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے‘میاں اسلم اقبال

ہنر مندوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے پنجاب روزگار سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کے آسان قرضے دئیے جا رہے ہیں

جمعرات 4 مارچ 2021 18:03

فنی تعلیم کے معیار کو بہتر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے‘میاں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ فنی تعلیم کے معیار کو بہتر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔معیاری فنی تعلیم کو عام کرکے پاکستان سے غربت اور بے روزگاری کے اندھیرے مٹائیں گے۔نوجوان ہمارے روشن مستقبل کی نوید ہیں حکومت نے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے بے مثال اقداما ت کیے ہیں۔

ہنر مندوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے پنجاب روزگار سکیم شروع کی گئی ہے۔اِس سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کے آسان قرضے دئیے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ (کوتھم) پاکستان و دبئی کے 21 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

(جاری ہے)

کانووکیشن میں کوتھم پاکستان و دبئی کے سی ای او احمد شکیل، وائس چانسلریونیورسٹی آف ایجوکیشن، پروفیسر طلعت نصیر پاشا، وائس پریزیڈنٹ آپریشن رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب احمد اقبال سعید،معروف صحافی پی جے میر، طلبہ و طالبات، اساتذہ اور والدین نے تقریب میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے ادارے کے پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔صوبائی وزیر نے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج آپ کو محنت کا ثمر مل گیا ہے۔ اب آپ عملی میدان میں داخل ہو رہے ہیں آپ کو محنت سے کام کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے اور دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کو سکلز کی جانب لانے کے لیے والدین کی کونسلنگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا مسئلہ معاشیات سے زیادہ اخلاقیات کا ہے۔ہماری زندگیوں سے اخلاقیات کا عنصر نکلنے سے معاشرہ تنزلی کا شکار ہے۔کس قدر افسو س کی بات ہے کہ قومی دولت کے لیٹروں پر پھول نچھاور کیے جاتے ہیں۔ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کو اخلاقیات کے پہلو کے حوالے سے تربیت کرنا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ درآمدات کے متبادل کی پاکستان میں تیاری حکومت کی ترجیح ہے اورصوبے بھر میں سپیشل اکنامک زونز قائم کیے جا رہے ہیں جہاں ایسی صنعتیں لگے گیں جن سے برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری کے فروغ کے لیے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ کوتھم صرف ایک تعلیمی ادارہ ہی نہیں بلکہ ایک آئیڈیا اور وژن ہے۔

بامعانی تعلیم اور تربیت کے ذریعے نوجوان نسل کی معاشی خودمختاری کی جانب رہنمائی میں کوتھم لائق تحسین کردار ادا کر رہا ہے۔کوتھم پاکستان و دبئی کے سی ای او احمد شفیق نے ادارے کی کارکردگی اور پروگراموں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کوتھم نے پاکستان کے بڑے شہروں میں 16 کمپسیز قائم کیے ہیں اور ادارے نے دبئی میں بھی اپنا پہلا کیمپس قائم کر دیا ہے۔ تقریب کے دوران ہاسپٹلٹی، کلنری آرٹس، ٹریول اینڈ ٹورزم مینجمنٹ سمیت مختلف پروگراموں میں کامیابی حاصل کرنے والے 350 طلبہ و طالبات کو اسناد دی گئیں۔