وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ناروے کی وزیر خارجہ ٹیلی فونک رابطہ ، مختلف امورپرغور

امید ہے افغان قائدین اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کے حصول کے اس تاریخی موقعے سے فائدہ اٹھائیں گے، شاہ محمود قریشی

جمعرات 4 مارچ 2021 18:17

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ناروے کی وزیر خارجہ ٹیلی فونک رابطہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ناروے کی وزیرخارجہ محترمہ اینا ایریکسن سوریڈا سے ٹیلی فون پر گفتگوکی جس میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور بشمول افغانستان اور کورونا وبا کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ دونوں وزرا خارجہ نے تجارت، سرمایہ کاری اور شفاف توانائی جیسے کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیاگیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور ناروے کے درمیان کاروباری تعلقات کے فروغ کو سراہتے ہوئے ناروے کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر اطمنان کا اظہار کیا۔ ناروے کی وزیر خارجہ نے سکیٹیک اور نظام انرجی کے درمیان شمسی توانائی کے معاہدے پر دستخطوں میں سہولت فراہم کرنے کے کردار پر حکومت پاکستان کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ناروے کی معاشی ترقی میں پاکستانی نڑاد شہریوں کے تعمیری کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

افغانستان کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے زور دیا کہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ وزیر خارجہ نے ناروے کی وزیر خارجہ کو افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ افغان قائدین اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کے حصول کے اس تاریخی موقعے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ پاکستان ناورے کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے جو یورپ میں پاکستانیوں کی سب سے بڑی تعداد کا مسکن ہے۔ دونوں وزرا خارجہ کی ٹیلی فون پر گفتگو دونوں ممالک کے درمیان معمول کے اعلی سطحی رابطوں کا حصہ ہے۔