اپوزیشن کا ’’ووٹ کو عزت دو‘‘سے ’’نوٹ کو عزت دو‘‘تک کا شرمناک سفر پورا ہوا‘ فیاض الحسن چوہان

وزیر اعظم عمران خان نے مشکل سیاسی حالات میں جراتمندانہ تقریر کی ‘ صوبائی وزیر جیل خانہ جات

جمعرات 4 مارچ 2021 23:21

اپوزیشن کا ’’ووٹ کو عزت دو‘‘سے ’’نوٹ کو عزت دو‘‘تک کا شرمناک سفر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان اعلی پارلیمانی اقدار کا مظہر ہے، ایسا فیصلہ صرف وزیراعظم عمران خان جیسا جرات مند، بے باک اور جمہوریت پسند قائد ہی کر سکتا تھا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے اپوزیشن کے ہاتھوں بلیک میل نہ ہونے کے بیان پر وزیر جیل خانہ جات نے کہا کہ اپوزیشن چاہے جتنے پاپڑ بیل لے، انہیں وزیر اعظم عمران خان سے این آر او نہیں ملے گا۔

انہوں نے عمران خان کی جراتمندانہ تقریر پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے فیٹف قانون سازی کے دوران حکومت کو بلیک میل کیا؛ اپوزیشن نے نیب ختم کرنے کی بات کی؛ حکومت کے سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ سسٹم کے لانے کی مخالفت کی لیکن وزیر اعظم عمران بکنے اور جھکنے والے نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا "ووٹ کو عزت دو" سے "نوٹ کو عزت دو" تک کا شرمناک سفر پورا ہوا۔

"پاکستان ڈاکو موومنٹ" نے اپنے کالے دھن سے اربوں روپے لگا کر بھی اپنا منہ کالا کر لیا ہے۔ نوٹوں کے ڈھیر سے محض دو سیٹیں زیادہ جیت کر اپوزیشن کوئی بڑا انقلاب نہیں لے آئی بلکہ پی ڈی ایم نے ملکی سیاسی اور جمہوری تاریخ میں ہمیشہ کے لیے اپنے نام اور کردار کو آلودہ کر لیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اور پی ڈی ایم کے لوٹ کھسوٹ اور پیسے کے ںل بوتے پر اقتدار میں آنے کے خلاف متحد ہے