Live Updates

کرپشن کا خاتمہ کرنا وزیراعظم عمران خان کا عزم مصمم ہے، شیخ رشید احمد

جمعرات 4 مارچ 2021 23:35

کرپشن کا خاتمہ کرنا وزیراعظم عمران خان کا عزم مصمم ہے،  شیخ رشید احمد
اسلام آباد۔4مارچ  (ردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 مارچ ۔2021ء) :وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ کرنا وزیراعظم عمران خان کا عزم مصمم ہے، ملک سے کرپشن اور بدعنوانی ختم کرنے کا راستہ لمبا ضرور ہے مگر وزیراعظم عمران خان اس راستے کو طے کرنے کی  بھرپور کوشش کر رہے ہیں، وزیراعظم نے آئین کے آرٹیکل 91(7) کے تحت خود کو پیش کر دیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے زبردست انداز میں قوم سے خطاب کیا اور ساری بات قوم کے سامنے رکھی، مجھے یقین ہے وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ سے اعتمادکا ووٹ لینے میں کامیاب ہو جائیں گے، پارٹی میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ صادق سنجرانی سینٹ کے چیئرمین کی سیٹ کے امیدوار ہوں گے، ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے امیدوار کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلہ کے بعد ایک بات طے ہے کہ اپوزیشن اب مرکز کی جانب کوئی آئینی، قانونی چڑھائی نہیں کرے گی، وفاق میں پی ڈی ایم کی سیاست پر دھول پڑ چکی ہے، پی ڈی ایم لانگ مارچ سے قبل یا بعد میں پنجاب اسمبلی کی طرف جا سکتی ہے لیکن ہمیں امید ہے چوہدری پرویز الٰہی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہر قیمت پر کھڑے ہوں گے، میں سمجھتا ہوں کہ  اس ساری صورتحال میں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار دونوں محفوظ ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ (ن) سے (ش) کے نکلنے کا ماحول موجود ہے، سینٹ الیکشن میں کوئی بھی شخص (ن) لیگ کے ٹکٹ پر نہیں بکا، سینٹ الیکشن میں اراکین کو آصف زرداری کے لوگوں نے خریدا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کبھی بھی اکٹھے الیکشن نہیں لڑیں گے، سینٹ کے سارے الیکشن میں پی ٹی آئی کامیاب ہوئی اور اس وقت پی ٹی آئی سینٹ میں سب سے بڑی جماعت ہے لیکن اپوزیشن نے صرف ایک سیٹ کو مدر آف الیکشن بنا دیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات