ٹریفک وارڈن کی فرض شناسی،معصوم بچی موت کے منہ میں جانے سے بچ گئی،ویڈیو وائرل

والدین گاڑی پارک کر کے اور شیشے بند کر کے شاپنگ کرنے چلے گئے،بچی گاڑی میں بیہوش ہو گئی،وارڈن نے شیشے توڑ کر بچی کی جان بچائی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 5 مارچ 2021 04:18

ٹریفک وارڈن کی فرض شناسی،معصوم بچی موت کے منہ میں جانے سے بچ گئی،ویڈیو ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 مارچ 2021ء ) آپ کبھی کسی مارکیٹ کے سامنے شاہراہ سے گزرتے ہوئے تجربہ کریں کہ مین روڈ پر عوام گاڑی پارک کر کے خریداری یا پھر کچھ کھانے پینے کی غرض سے نکل جاتے ہیں تاہم اس دوران وہ ایک کام کرنا نہیں بھولتے کہ گاڑی کو اچھی طرح سے لاک کرتے اور شیشے چڑھا دیتے ہیں۔ کچھ فیملیز ایسی بھی ہوتی ہیں جو شاپنگ کو انجوائے کرنا چاہتی ہیں اس لیے بچوں کو ساتھ نہ لے جانے کی خاطر انہیں گاڑی میں ہی چھوڑ دیتی ہیں۔

گاڑی میں موجود بچوں کے بیہوش ہونے اور موت کے منہ میں جانے کی متعدد خبریں سنائی دیتی رہتی ہیں،گزشتہ دنوں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پیش آیا۔جہاں والدین نے خریداری کی غرض سے رانگ پارکنگ میں گاڑی کھڑی کی اور اس کے شیشے بند کر کے ایک معصوم بچی کو گاڑی کے اندر چھوڑااور خود چلتے بنے۔

(جاری ہے)


غلط پارکنگ میں موجود گاڑی کو دیکھ کر ٹریفک وارڈ لفٹر لے کر آیااور گاڑی اٹھانا چاہی تو اس نے دیکھا کہ اندر بچی بیہوش پڑی تھی۔

جس پر اس نے گاڑی کا شیشہ توڑ کربچی کو باہر نکالااور پانی پلایا تب کہیں بچی کو ہوش آیااور ا س کی جان بچ گئی۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے اور والدین کی لاپرواہی پر سوشل میڈیا صارفین بھی خوب برس رہے ہیں۔یہ کوئی پہلی بار تو ہے نہیں کہ والدین اس قسم کی غفلت برتے پائے گئے ہیں کہ جس بنا پر ان کے بچوں کی جان داؤ پر لگ گئی۔تاہم اس پر وارڈن کی فرض شناسی بھی کام آ گئی کہ ا س نے گاڑی لفٹ کرتے وقت اندر موجود بیہوش بچی کی جان بچانے کے لیے گاڑی کا شیشہ توڑ کر معصوم بچی کو باہر نکالا۔