پی ایس ایل صرف مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی مکمل کیا جاسکتا تھا: شاہد آفریدی

پی ایس ایل نئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے: آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 5 مارچ 2021 12:37

پی ایس ایل صرف مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی مکمل کیا جاسکتا تھا: شاہد ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 مارچ 2021ء ) سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چھٹا ایڈیشن مشکل صورتحال کے باوجود لوکل کھلاڑیوں کی مدد سے مکمل کروایا جاسکتا تھا۔ سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر پر44 سالہ شاہد آفریدی نے کہا کہ ’ملک کا سب سے بڑا ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ مقامی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بڑھاوا دینے کے لئے ہے، مشکل صورتحال کے باوجود مجھے لگتا ہے کہ پی ایس ایل صرف مقامی / نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ہی مکمل کیا جاسکتا تھا، پی ایس ایل نئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے‘۔

شاہد آفریدی کا یہ بیان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل میں بائیو سیکیور ببل ہونے کے باوجود کوویڈ -19 کیسز سامنے آنے کے بعد ایونٹ کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کے فیصلے کے بعد سامنے آیا۔

(جاری ہے)

ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر پی ایس ایل کی زیادہ بڑی واپسی کے لیے پرامید نظر آئے۔ آفریدی کا کہنا تھا کہ ’یہ ٹورنامنٹ بہت ہی دلچسپ تھا اور اس نے دنیا بھر کے شائقین کو معیاری کرکٹ فراہم کی تھی، میں پی ایس ایل کو پوری طرح سے سپورٹ کرتا ہوں اور یہ پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ واپس آئے گا۔

دریں اثناء قومی ٹیم کے سابق کپتان نے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لیں اور اپنے پیاروں کی صحت اور حفاظت کے لئے ایس او پیز پر عمل کریں۔