عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

برینٹ خام تیل کی قیمت 68.97 ڈالر فی بیرل ہوگئی، پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ

muhammad ali محمد علی ہفتہ 6 مارچ 2021 00:15

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مارچ2021ء) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس وبا کی شدت میں کمی آنے اور عالمی سطح پر تجارتی و معاشی سرگرمیوں کی بحالی کی وجہ سے خام تیل کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مسلسل طلب کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت اب ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی۔

بتایا گیا ہے کہ صرف ایک دن کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں 2.23 ڈالر فی بیرل یعنی 3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد خام تیل کی قیمت 68.97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ یہ قیمت اپریل 2019 کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اوپیک کی جانب سے طلب میں اضافے کے باوجود پیداوار میں اضافہ نہ کیے جانے کی وجہ سے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اوپیک نے ناصرف تیل کی پیداوار میں اضافے سے انکار کیا ہے، بلکہ تیل کی پیدوار میں مزید کٹوتی کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے موجودہ صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا رہا ہے، تاکہ ایک سال قبل تیل کی عالم مارکیٹ کریش کر جانے کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جا سکے۔ ایک سال قبل جب کرونا وبا کے پھیلاو کی وجہ سے تقریباً پوری دنیا کی لاک ڈاون کی حالت میں جا چکی تھی، تب تیل کی طلب تقریباً نہ ہونے کی وجہ سے تاریخ میں پہلی مرتبہ خام تیل کی قیمتیں صفر ڈالر کی سطح سے بھی نیچے چلی گئی تھیں۔

اب تیل کی عالمی مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر کے رواں ماہ تو قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دیا، تاہم اگلے ماہ سے قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اوگرام نے مارچ کے ماہ کے دوران تمام ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی سفارش کی تھی، تاہم وزیراعظم نے اوگرا کی تجویز مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک اعلان کیا کہ اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھنے دیں گے۔ تاہم اب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے بعد دیکھنا ہوگا کہ وزیراعظم عمران خان کب تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کے اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہیں۔