سرینگر کی جامع مسجد میں جیوے جیوے پاکستان کے نعرے بلند ہو گئے

آزادی کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف فلک شگاف نعروں کی ویڈیو وائرل ہو گئی

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 6 مارچ 2021 03:12

سرینگر کی جامع مسجد میں جیوے جیوے پاکستان کے نعرے بلند ہو گئے
سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 مارچ 2021ء) دنیا بھر میں مظالم،جبری قبضے اور انسانیت کے بدترین لاک ڈاؤن کی جب فہرست مرتب کی جائے گی تو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا غاصبانہ قبضہ اور انسانیت سوز مظالم کی توہین کے علاوہ انسانیت کی تذلیل اور بدترین کریک ڈاؤن کی کہانی سب سے بازی لے جائے گی۔آج 590روز ہو چکے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن اور 370کا معاملہ جوں کا توں ہے۔

دنیا بھر کی نام نہاد این جی اوز اور ہیومن رائٹس تنظیموں کے علاوہ صاحب بہادر امریکااور یو این بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔مگر داد دینا بنتی ہے ان معصوموں اور نہتوں کی کہ جو آج بھی بھارتی مظالم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں اور بھارتی مظالم کے سامنے جھکنے اور ٹوٹنے سے انکار کررہے ہیں۔

(جاری ہے)


اس وقت سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس سے متعلق بتایا جا رہا ہے کہ یہ سرینگر کی جامع مسجد کی ہے۔

جہاں گزشتہ روز جمعۃ المبارک کی نماز کی ادائیگی کے لیے عوام کا جم غفیر امڈ آیااور وہاں جیوے جیوے پاکستان کے نعرے بلند کیے گئے۔عوام نے حریت راہنماؤں کی آزادی کے حق میں بھی نعرے بلند کیے اور اپنے ہی گھروں میں نظر بند کیے جانے والے کشمیری راہنماؤں کی آزادی کے حوالے سے بھی آواز بلند کی۔تاہم پاکستان کے حق میں نعرے بازی پر بھارت کی طرف سے شدید ردعمل دیکھنے کو ملا کہ انہوں نے میر واعظ عمر فاروق کی نظر بندی جو کہ آج ختم کرنا تھی اس احتجاج کے بعد اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے ان کی نظر بندی برقرار رکھ دی ہے۔تاہم سوشل میڈیا پر سرینگر کی اس مسجد میں پاکستان کے حق میں بلند ہونے والی آواز کی خوب تحسین کی جا رہی ہے۔