ٹریفک ہیڈ کوارٹرز گلبہار میں کورونا وائرس سے بچاؤ کا سپرے

عالمی وباء کی دوسری لہر خطرناک ہوسکتی ہے جس سے بچاؤ کا راستہ ایس او پیز پر عملدرآمد ہے‘ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت

ہفتہ 6 مارچ 2021 22:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2021ء) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کے تعاون سے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار اور ٹریفک لائن باچا خان چوک میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے سپرے کیا گیا جبکہ ٹریفک عملے کو کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ کورونا وائرس پر قابو پایا جا سکے۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم وائرس کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا ہے لہٰذا ٹریفک افسران و اہلکار اور شہری اب بھی کورونا وائرس سے بچنے کیلئے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر خطرناک ہوسکتی ہے جس سے بچنے کیلئے واحد راستہ ایس او پیز پر عملدرآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں اور بار بار ہاتھ دھوئیں اور آپس میں میل جول سے گریز کریں تاکہ عالمی وباء پر قابو پایا جا سکے۔