حکومت کا تعلیمی سال سے پہلے مدارس کو رجسٹرڈ کرنے کا اعلان

تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے مدارس کو رجسٹرڈ کیا جائے گا ، علمائے کرام کے مسائل کے حل کے لیےتمام صوبوں کا دورہ کر رہا ہوں ، معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 مارچ 2021 14:03

حکومت کا تعلیمی سال سے پہلے مدارس کو رجسٹرڈ کرنے کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مارچ 2021ء) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ تعلیمی سال سے پہلے مدارس کو رجسٹرڈ کیا جائے گا ، علمائے کرام کے مسائل کے حل کے لیےتمام صوبوں کا دورہ کر رہا ہوں۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ چند دنوں کے واقعات سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ مولوی زیادہ روادار ہے ، چند روز میں جو کچھ ہوا اسے کہیں تو روکنا چاہیے ، ایک دوسرے کی تضحیک اور تذلیل کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے جس کے لیے سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اس پر کوئی لائحہ عمل طے کرنا چاہیے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ فیصل جاوید کے ساتھ جو کیا وہ غلط تھا،احسن اقبال کے ساتھ ہونےوالا واقعہ بھی غلط ہوا ، وزیر داخلہ نے اس پر ایکشن لینے کا کہا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وفاقی حکومت نے علماء کا 40 سال پرانا مطالبہ پورا کرتے ہوئے ملک میں 5 نئے وفاق المدارس قائم کردیے ، اس ضمن میں ہائر ایجو کیشن کی جانب سے منظوری دیے جانے کے بعد نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ، جس میں کہا گیا کہ اتحادمدارس العربیہ پاکستان (دیوبند) ، اتحاد مدارس الاسلامیہ پاکستان (اہل حدیث) ، نظام المدارس پاکستان (بریلوی منہاج القرآن) ، مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمت (اہل تشیع) اور وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان (بریلوی) کوبورڈ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دینی مدارس کے لیے 16رجسٹرڈ دفاترقائم کرنے کا بھی اعلان بھی کیا گیا ہے جب کہ اسلام آباد میں ہونے والی ایک تقریب میں وزیرتعلیم شفقت محمود نے مدارس کے نئے بورڈ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ، اس موقع پر وفاقی وزیرمذہبی امورپیرنورالحق قادری سمیت ملک بھر سے مختلف فقہوں کے70 سے زائد علماء بھی موجود تھے۔