Live Updates

چیئرمین سینیٹ کا انتخاب : حکومت نے پی ڈی ایم میں شامل جماعت سے مدد مانگ لی

وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی وفد کی عوامی نیشنل پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 مارچ 2021 16:02

چیئرمین سینیٹ کا انتخاب : حکومت نے پی ڈی ایم میں شامل جماعت سے مدد مانگ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مارچ 2021ء) چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پی ڈی ایم میں شامل جماعت سے مدد مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد میں شامل عوامی نیشنل پارٹی سے مدد کے لیے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی وفد نے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار صادق سنجرانی کے ہمراہ ولی باغ کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے اے این پی کے سینیئر نائب صدر امیر حیدرہوتی سے ملاقات کی ، اس دوران اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان اور پی ڈی ایم کے ترجمان میاں افتخار حسین بھی موجود تھے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق ملاقات میں پی ٹی آئی وفد نے اے این پی سے سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کے لیے تعاون کی درخواست کی ، جس کے جواب میں اے این پی نے پارٹی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے این پی کے سینئر نائب صدر امیر حیدرہوتی نے کہا کہ سیاسی معاملات کو سیاسی طریقہ کار کے ذریعے ہی حل کرنا ملک و قوم کی مفاد میں ہے ، اے این پی پی ڈی ایم کا حصہ ہے تاہم آپ کی آنے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اے این پی میں تمام فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں اس لیے آپ کی درخواست پر بھی پارٹی میں مشاورت کریں گے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں کامیابی کے بعد پی ڈی ایم اپنا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ لانے کیلئے متحرک ہوگئی ، تفصیلات کے مطابق اس ضمن میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے باقاعدہ کام شروع کردیا ہے جب کہ اس حوالے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی آج مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوگی ، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں ، جن کے بارے میں بعد ازاں پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائےگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات