پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کا مشن ، معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے بلاول/حمزہ ملاقات

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا چیئرمین پیپلزپارٹی کے اعزاز میں ظہرانہ ، پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی اور لانگ مارچ سمیت مختلف معاملات کو حمتی شکل دینے کے لیے حکمت عملی پر غور

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 مارچ 2021 16:19

پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کا مشن ، معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے بلاول/حمزہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 07 مارچ 2021ء) صوبہ پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کا مشن لیے معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سے ملاقات کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع اپنی رہائش گاہ پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا ، جس میں بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ اپوزیشن کے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی ، پیپلزپارٹی رہنماء قمر زمان کائرہ ، چوہدری منظور اور حسن مرتضی نے بھی شرکت کی ، مسلم لیگ ن)کی جاب سے اس ملاقات میں سردار ایاز صادق ، سعد رفیق، رانا ثنااللہ، عطااللہ تارڑ اور اویس لغاری شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دونوں جماعتوں کے وفود نے پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی اور لانگ مارچ سمیت مختلف معاملات کو حمتی شکل دینے کے لیے اظہار خیال کیا ، اس کے علاوہ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے یوسف رضا گیلانی کو مشترکہ امیدوار کے طور پر کامیابی ، حکومت کے خلاف تحریک کے ساتھ ساتھ صوبہ پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی اور حکومت کے خلاف لانگ مارچ سمیت مختلف معاملات زیر بحث آئے۔

دوسری جانب اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے خدشہ کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی کارکردگی دکھانے کے لیے متحرک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوامی مسائل حل نہ کرنے اور منصوبوں میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سرزنش کردی جب کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی پر شدید برہم ہو گئے ، وزیر اعلیٰ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات سیکرٹریز کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہدایات جاری کی ہیں کہ متعلقہ سیکرٹریز عوامی مسائل فوری حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں کیوں کہ محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا اس ضمن میں سست روی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی ، کوتاہی پر ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے گی اور عوام کی توقعات پر نہ اترنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ، جو نتائج نہیں دے گا وہ پنجاب میں نہیں رہے گا ، دیانتدار اور فرض شناس افسران کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی اور فلاح عامہ کے منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔