راولپنڈی ، کچہری کے قریب فائرنگ سے ایس ایچ او شہید

شہید ایس ایچ او میاں عمران نے شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کی جس کی بناء پر انہیں دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیاں موصول ہوئی تھیں ، ایس ایچ او کے والد بھی پولیس مقابلے کے دوران شہید ہوئے تھے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 مارچ 2021 19:39

راولپنڈی ، کچہری کے قریب فائرنگ سے ایس ایچ او شہید
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مارچ 2021ء) صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں کچہری کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایس ایچ او تھانہ ریس کورس میاں عمران شہید کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ریس کورس میاں عمران کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے گھر سے گاڑی میں نکلے ، اس دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان ایس ایچ او پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق شہید ایس ایچ او میاں عمران کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او راولپنڈی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے شہید ایس ایچ او میاں عمران کے والد بھی پولیس مقابلے کے دوران شرپسند عناصر کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے جب کہ شہید ایس ایچ او میاں عمران نے بھی شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کی تھی جس کی بناء پر انہیں دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیاں دی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سنٹرل جیل کے سامنے نامعلوم ملزمان نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے سی ٹی ڈی کے انسپکٹر شہید اور2 اہلکار زخمی ہوگئے، حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے، پولیس نے زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا ، سکیورٹی ذرائع کے مطابق پشاور سنٹرل جیل کے سامنے نامعلوم ملزمان پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، ان کا تعلق سی ٹی ڈی سے تھا، سی ٹی ڈی اہلکار جیل کے سامنے ڈیوٹی پر مامور تھے، حملہ آوروں کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کے انسپکٹر خوشدل شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے، زخمی اہلکاروں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ، بتایا گیا ہے کہ نامعلوم حملہ آور گاڑی میں سوار تھے، ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے ، واقعے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی، جنہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے ، جبکہ سنٹرل جیل کے قریبی علاقوں میں گشت اور سرچ آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔