نوے سالہ بزرگ خاتون سارا دن حمزہ شہباز کی راہ تکتی رہی لیکن ملاقات نہ ہو سکی

نواز، شہباز کو گود میں کھلایا، حمزہ سے مل کر رہائی پر پیار دینا چاہتی تھی۔ اماں ممتاز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 8 مارچ 2021 13:50

نوے سالہ بزرگ خاتون سارا دن حمزہ شہباز کی راہ تکتی رہی لیکن ملاقات نہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 مارچ 2021ء) : سیاست ایسی چیز ہے جو بڑے بڑوں کو استعمال کے بعد پھینک دیتی ہے، بڑے سیاستدان اپنے کارکنوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں اور پھر اُن سے کیے وعدے بھول جاتے ہیں۔ ممبران اسمبلی ووٹ کے لیے تو اپنے حلقوں کے چکر کاٹتے ہیں عوام سے گُھلتے ملتے ہیں، لیکن جیسے ہی وہ الیکشن میں کامیاب ہوتے ہیں تو اپنے ہی حلقے کی عوام پر دروازے بند کر دیتے ہیں۔

ایسی ہی ایک کہانی لاہور کی اماں ممتاز کی بھی ہے جو سارا دن حمزہ شہباز کے گھر کے باہر انتظار کرتی رہی لیکن ملاقات کے بغیر ہی واپس لوٹنا پڑا۔ عمر بھر کی خدمت گزار اماں ممتاز مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز سے ملاقات کے لیے ہی ترس گئی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پر اماں ممتاز صبح سویرے پہنچیں اور ان کی چوکھٹ پر ان سے ملاقات کی منتظر رہیں لیکن ملاقات نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز کے گارڈز نے اماں ممتاز کو ملاقات کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ اماں ممتاز جیسے ہی تھوڑا آگے بڑھتیں سکیورٹی گارڈز انہیں دھکے دیتے ۔ اماں ممتاز نے کافی دیر حمزہ شہباز کی رہائش گاہ کے باہر کُرسی پر بیٹھ کا انتظار کیا ، ملاقات کے لیے پہلے انہں دلاسے دئے گئے لیکن بعد میں انہیں دھکے دئے گئے۔ شام تک بزرگ خاتون کی حمزہ شہباز کے ساتھ ملاقات نہیں ہو سکی، جس کے بعد مایوسی کے عالم میں اماں ممتاز کو واپس لوٹنا پڑا۔

اماں ممتاز کا کہنا تھا کہ میں نے نواز شریف اور شہباز شریف کو گود میں کھلایا لیکن یہاں کوئی بھی حمزہ شہباز سے ملاقات نہیں کرنے دے رہا۔ میں ان کی رہائی پر ان سے ملاقات کر کےصرف پیار دینا چاہتی تھی لیکن میری حمزہ شہباز سے ملاقات نہیں ہو سکی۔