شاہنواز دھانی کا آبائی علاقے میں آمد پر شاندار استقبال

فاسٹ بائولر پر پھول نچھاور، مداحوں نے شاہنواز دھانی کو اجرک اور ٹوپیوں کے تحائف بھی پیش کیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 8 مارچ 2021 14:08

شاہنواز دھانی کا آبائی علاقے میں آمد پر شاندار استقبال
لاڑکانہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 مارچ 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کا دادو آمد پر شاندار استقبال کیا گیا ۔ پی ایس ایل میں اپنی فاسٹ بائولنگ سے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرنے والے 22 سالہ فاسٹ بائولر کی دادو آمد پر اُن کے مداحوں نے پھول نچھاور کیے۔ مداحوں نے شاہنواز دھانی کو اجرک اور ٹوپیوں کے تحائف بھی پیش کیے۔

شاہنواز دھانی نے اس موقع پر کہا کہ’جس مقام پر ہوں اس میں والدین دوستوں، ساتھیوں کی دعائیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حوصلہ افزائی کرنے والے تمام پاکستانیوں کا شکر گزار ہوں‘۔ 145کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے بائولنگ کی صلاحیت کے حامل شاہنواز دھانی کو مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ایک ممکنہ سٹار کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

سابق پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ایک کلپ شیئر کی جس میں لوگ پی ایس ایل 6 میں ڈیبیو کرنے کے بعد اپنے آبائی شہر واپس آنے والے شاہنواز دھانی پر پھولوں کی بارش کر رہے ہیں ۔
شاہنواز دھانی حال ہی میں ملتوی ہونے والی پی ایس ایل 6 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بائولر میں تیسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے 10.33 کی اوسط سے 4 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 6 کو جمعرات کے روز ملتوی کردیا گیا تھا جب چھ کرکٹرز اور عملے کے ایک ممبر سمیت سات افراد کا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا تھا ۔