Live Updates

صادق سنجرانی مضبوط امیدوار ہیں، بھاری ووٹوں سے کامیاب ہوں گے، عمران خان

چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں اپوزیشن بری طرح ناکام ہوجائے گی، آئندہ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروائیں گے، انتخابی اصلاحات لاکر کرپشن کے دروازے بند کردیں گے۔ وزیراعظم سے سینیٹر فیصل جاوید اور ذیشان خانزادہ کی ملاقات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 8 مارچ 2021 18:17

صادق سنجرانی مضبوط امیدوار ہیں، بھاری ووٹوں سے کامیاب ہوں گے، عمران ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مارچ 2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صادق سنجرانی مضبوط امیدوار ہیں، بھاری ووٹوں سے کامیاب ہوں گے، چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں اپوزیشن ناکام ہوجائے گی، آئندہ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروائیں گے، انتخابی اصلاحات لاکر کرپشن کو ختم کردیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سینیٹر فیصل جاوید اور ذیشان خانزادہ نے ملاقات کی۔

جس میں سینیٹ الیکشن سے متعلق جوڑ توڑ اور سیاسی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت کے صادق سنجرانی بہت زیادہ مضبوط امیدوار ہیں۔ الیکشن میں ہم بھاری ووٹوں سے کامیاب ہوں گے، چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں اپوزیشن ناکام ہوجائے گی، پی ڈی ایم کو ہر موقعے پر شکست ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں خوب پیسا چلایا گیا۔

پیسے کو روکنے کیلئے انتخابی اصلاحات لائیں گے۔ اصلاحات لانے کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے۔ مستقبل میں صاف شفاف الیکشن کیلئے انتخابی اصلاحات لائیں گے اورسینیٹ انتخابات اوپن ووٹنگ کے ذریعے منعقد ہوں گے۔ یاد رہے سینیٹ میں نئے چیئرمین سینیٹ کیلئے حکمران جماعت پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار صادق سنجرانی ہیں، جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار یوسف رضا گیلانی ہوں گے۔

پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کیلئے یوسف رضا گیلانی کے نام کی منظوری دے دی ہے، مسلم لیگ ن، اے این پی، جے یوآئی ف سمیت پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے پیپلزپارٹی کے رہنماء یوسف رضا گیلانی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ پی ڈی ایم کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ بنانے کیلئے یوسف رضا گیلانی کی بھرپور حمایت کریں گے۔

اسی طرح بلاول بھٹو اور حمزہ شہباز کے درمیان ملاقات میں مسلم لیگی رہنماء رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے 23 ایم این ایز نے پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا، وعدہ کیا گیا کہ تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں آئی تو پی ڈی ایم کا ساتھ دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیش کش سن کر بلاول بھٹو نے پوچھا کہ ایم این ایز کا تعلق کس صوبے سے ہے، رانا ثنا نے بتایا کہ سب کا تعلق پنجاب سے ہے، پیش کش کی حمزہ شہباز نے بھی تصدیق کی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت تحریک عدم اعتماد کا فائدہ نہیں ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومتی ایم این ایز ساتھ ہیں تو تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں لائی جاسکتی ہے، 26 مارچ کے بعد ایک جامع حکمت عملی مل کر بنائیں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے ووٹ کے لی پرویز الٰہی کے گھر جاؤں گا جبکہ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی سے ووٹ کے لیے میں بھی رابطے میں ہوں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات