Live Updates

عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے.عمران خان

حکومت کو ملکی معاشی حالات کے باعث غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے .وزیراعظم کا مستحق کے لیے براہ راست سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 8 مارچ 2021 19:12

عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے.عمران ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 مارچ ۔2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو ملکی معاشی حالات کے باعث غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے، عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے. وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشرے کے مستحق اور غریب افراد کو غذا اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری میں حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا.

(جاری ہے)

اجلاس میں معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کو مجوزہ ”احساس فوڈ اسٹیمپ“ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی اس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو اشیائے ضروریہ کی خریداری میں حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی، براہ راست سبسڈی کی فراہمی سے مستحقین تک حکومتی امداد براہ راست، شفاف طریقے اور فوری طور پر میسر آئے گی.

پروگرام کا مقصد بالواسطہ سبسڈی کے نظام سے براہ راست مالی معاونت کا طریقہ کار اپنانا ہے عمران خان کو پروگرام سے استفادہ کرنے والے خاندانوں اور افراد کے اعداد و شمار اور ابتدائی تخمینے پیش کیے گئے وزیر اعظم نے مجوزہ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ملکی معاشی حالات کے باعث غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے. انہوں نے کہا کہ ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، غریب عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں اپنی ذمہ داری کا مکمل احساس ہے اور ہم اس کو پورا کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے انہوں نے کہا کہ حکومتی سبسڈی کا شفاف اور موثر استعمال موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے.

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مجوزہ نظام کے حوالے سے طریقہ کار اور اعداد و شمار کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، تاکہ اس پروگرام کا جلد از جلد اجرا کیا جا سکے واضح رہے کہ مہنگائی بالخصوص کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث پی ٹی آئی کی حکومت کو عوام کی شدید تنقید کا سامنا ہے اپوزیشن کی جانب سے بھی حکومت کو دیگر معاملات کے ساتھ مہنگائی کے معاملے پر بھی مسلسل آڑے ہاتھوں لیا جارہا ہے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات