آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سٹیزن سینٹرک پولیسنگ، جرائم کی فری رجسٹریشن اور مانیٹرنگ سسٹم بارے اجلاس

ڈی پی او قصور کی شہریوں کے مسائل کے حل، 15 کال پرپولیس رسپانس اورڈیجیٹل مانیٹرنگ فیچرز بارے بریفنگ ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی درخواست وصولی کے بعد مقدمات کے اندراج میں تاخیر پر ذمہ داران سے جواب طلبی کی جائے‘ آئی جی انعام غنی

پیر 8 مارچ 2021 21:03

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سٹیزن سینٹرک پولیسنگ، جرائم کی فری رجسٹریشن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ سٹیزن سنٹرک پولیسنگ کے تحت عوام میں پولیس امیج کو بہتر سے بہتر کرنے اورشہریوں کی خدمت و تحفظ کے علاوہ جرائم کی فری رجسٹریشن اور انکے سدباب کیلئے بلاتاخیر اقدامات کو یقینی بنانا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے لہذا فرنٹ ڈیسک پر درخواست وصولی سے ایف آئی آر کے اندراج تک تمام مراحل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کیلئے نئی ایپ بنائی جائے جس میں فرنٹ ڈیسک پر درخواست وصولی اور اندراج مقدمہ کا وقت صرف ایک کلک پر نظر آئے تاکہ کاروائی میں تاخیر کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف محکمانہ و قانونی کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جاسکے۔

اہوں نے مزیدکہا کہ نئے سٹیزن سینٹرک پولیسنگ اور مانیٹرنگ سسٹم کو ضلع قصور سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پرجلد از جلد شروع کیا جائے اور نئے فیچرز سے مزین اس سسٹم کوایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، ڈی آئی جی آئی ٹی اور ڈی پی او قصور مل کر موثر سپرویژن سے جلد از جلد فعال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی درخواست وصولی کے بعد مقدمات کے اندراج میں تاخیر پر ذمہ داران سے جواب طلبی کی جائے جبکہ ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن سافٹ ویئر میں جدید فیچر زشامل کر کے انہیں ریجنل مانیٹرنگ یونٹس کے سپردکرنے بارے یکم اپریل کو بریفنگ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 15ایمر جنسی نمبر پرکال کرنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے انکے مسائل کے حل کیلئے صدق دل اور خلوص نیت سے کاوشیں کی جائیں جبکہ فرسٹ رسپانڈر کے متعلق شہریوں کا فیڈ بیک لینے کیلئے مانیٹرنگ سسٹم پر بطور خاص توجہ دی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں سٹیزن سنٹرک پولیسنگ، جرائم کی فری رجسٹریشن اور مانیٹرنگ سسٹم سے متعلقہ امور بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو جاری کیں۔

دوران اجلاس ڈی پی او قصور عمران کشور نے نئے سٹیزن سینٹرک پولیسنگ اور مانیٹرنگ سسٹم میں بہتری کے حوالے سے شروع کئے گئے پائلٹ پراجیکٹ بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس ورکنگ کو مزید فعال اور شفاف بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثرا ستعمال پر دن بدن انحصار بڑھایا جارہا ہے اور ہر کیس کی موثر سپرویژن کے ساتھ ساتھ کلوز مانیٹرنگ کو یقینی بنانے پر توجہ دی جارہی ہے تاکہ ماڈرن پولیسنگ کے مطابق جرائم کے قلع قمع اور افسران و سٹاف کی کارکردگی کو مانیٹر کیاجاسکے۔

انہوں نے مزید کہاکہ 15 پر کال کرنے والے شہریوں سے فرسٹ رسپانڈر کے متعلق فیڈ بیک لینے کیلئے مانیٹرنگ سسٹم میں فیچر بنایا گیا ہے جس کے تحت کال کرنے والے شہری فرسٹ رسپانڈر کے رویے اور تعاون بارے مطمئن ہیں یا نہیں، اس بارے ایس ایم ایس پر Yesیا Noکے جواب دے کر اپنا فیڈ بیک دے سکیں گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ دوران پراسیکیوشن شہریوں کو ہر ممکن قانونی راہنمائی کی فراہمی کے حوالے سے چیک لسٹ بھی سسٹم کا حصہ ہو گی جبکہ گواہان کی عدالتوں میں بروقت حاضری کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی سسٹم میں مانیٹرنگ فیچر شامل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے سسٹم کے تحت پولیس سروسز کے حوالے سے عوامی فیڈ بیک کو ضروری قرار دیا گیا ہے یعنی پولیس عوامی رائے کی روشنی میں اپنی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے اسے بہتر سے بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے۔ آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ سٹیزن سنٹرک پولیسنگ کے حوالے سے شروع کردہ اس پراجیکٹ کی کامیابی کیلئے کلوزمانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ سروس ڈلیوری میں مزید بہتری لاکر شہریوں کوانصاف کی فراہمی کا عمل مزید بہتر بنایا جاسکے۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی سیف سٹیز راؤ سردار، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، کنور شاہ رخ، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس، فاروق مظہر، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، فیاض احمد دیواور ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان سمیت دیگرسینئر افسران بھی موجود تھے۔