حکومت کی معاشی پالیسیوں کے ثمرات، ڈالر کی قیمت 150 روپے کی سطح تک گر جانے کا امکان

زرمبادلہ ذخائر، ترسیلات زر اور ایکسپورٹس میں اضافے کی وجہ سے پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آنے کا سلسلہ جاری، پیر کے روز امریکی کرنسی کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 8 مارچ 2021 20:57

حکومت کی معاشی پالیسیوں کے ثمرات، ڈالر کی قیمت 150 روپے کی سطح تک گر جانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مارچ2021ء) حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں کے باعث ڈالر کی قیمت 150 روپے کی سطح تک گر جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستان روپے کی قدر میں اضافے کا رجحان رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز بھی برقرار رہا۔ پیر کو ہفتے کے پہلے کاروباری روز ملکی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق پیر کو انٹر بینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید10پیسے کی کمی سے 157.15روپے سے گھٹ کر157.05روپے اور قیمت فروخت157.25روپے سے گھٹ کر157.15روپے ہوگئی۔ جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید30پیسے کی کمی سے157.30روپے سے گھٹ کر 157روپے اور قیمت فروخت20پیسے کی کمی سی157.50روپے سے گھٹ کر 157.30روپے ہوگئی ۔

(جاری ہے)

پاکستانی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی کے حوالے سے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ملکی معیشت کیلئے مثبت خبر ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستانی کرنسی مارکیٹ میں آئندہ چند روز کے دوران اگر ڈالر کی قیمت 155 روپے کی نفسیاتی سطح سے نیچے آگئی، تو پھر امکان ہے کہ جلد ہی ڈالر 150 روپے کی سطح تک بھی گر سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایک سال کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں 5 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کی ترسیلات زر، ایکسپورٹس اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ روپے کی قدر میں اضافے کی ایک اور بڑی وجہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے بھجوائی جانے والی رقوم میں تسلسل کیساتھ اضافہ بھی ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکی کرنسی کی قیمت میں کمی ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آنے کا باعث بنے گی۔

یہاں واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستانی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے تھے۔ امریکی ڈالر کی قیمت 168 روپے کی سطح سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔ تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران روپیہ تگڑا ہوا اور اب تک ڈالر کی قیمت میں 10 روپے سے زائد کی کمی ہو چکی۔