کاشتکار پھول آنے سے پہلے ایک تا ڈیڑھ بوری یوریا فی ایکڑ اور مکئی کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے 6 تا8 پانی ضرور لگائیں، محکمہ زراعت

بدھ 10 مارچ 2021 12:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2021ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کوبہاریہ مکئی کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے ضروری ہدایات پر عملدرآمد کیلئے سفارشات پیش کی ہیں اورکہاہے کہ جب بہاریہ مکئی کی فصل ایک فٹ ہوجائے تو فوری طور پر ایک بوری یوریا کھاد فی ایکڑ ڈالیں اور جب اونچائی اڑھائی فٹ سے تین فٹ ہو تو دوبارہ ایک بوری یوریا کھادفی ایکڑ ڈالی جائے تاکہ مکئی کی شاندار فصل کاحصول ممکن ہو سکے۔

محکمہ کے ترجمان نے کاشتکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ کاشتکار پھول آنے سے پہلے ایک تا ڈیڑھ بوری  یوریا فی ایکڑ ڈالیں اور مکئی کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے کم ازکم چھ تا آٹھ پانی ضرور لگائیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈرل یا پلانٹر سے کاشت کی ہوئی مکئی کو پہلی آبپاشی اگاؤ کے 3 سے 4 دن بعد کی جاتی ہے لیکن وٹوں پر کاشتہ مکئی کو اگاؤ تک وتر میں رکھا جانا ضروری ہے اس کے بعد فصل کی حالت اور ضرورت کے مطابق پانی لگایا جائے نیز پھول آنے اوردانے کی دودھیا حالت میں فصل کو سوکھانہ آنے دیں ورنہ پیداوار پر برُا اثر پڑے گا لیکن مکئی کی فصل پانی کی زیادتی کو بھی برداشت نہیں کرسکتی لہٰذا زیادہ بارش ہونے کی صورت میں فالتو پانی فوراً کھیت سے نکال دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :