لبنان میں ابترمعاشی حالات کے خلاف احتجاج ،مظاہرین نے شاہراہیں بند کردیں

مظاہرین نے شمالی شہر طرابلس اور مشرقی علاقے وادی بقاع میں بعض بڑی شاہراہوں کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا

بدھ 10 مارچ 2021 14:10

لبنان میں ابترمعاشی حالات کے خلاف احتجاج ،مظاہرین نے شاہراہیں بند ..
بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2021ء) لبنان میں غربت اور ابتر معاشی حالات کے خلاف عوامی احتجاج جاری ہے اور مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کرکے بیشتر بین الاضلاعی شاہراہیں بند کردیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق لبنان کو اس وقت بدترین اقتصادی بحران کا سامنا ہے،جس کی وجہ سے بے روزگاری روزافزوں ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں،حالیہ دنوں میں لبنانی کرنسی امریکی ڈالر کے مقابلے میں مزید گرگئی ہے۔

نگران حکومت کو کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے مزید اقتصادی مسائل کا سامنا ہے اور اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لاک ڈائون اور دیگر پابندیوں نے عوام کے معاشی مسائل کو دوچند کردیا ہے۔عوام حکومت سے معاشی حالات بہتر بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں اور وہ حکمران اشرافیہ کی بدعنوانیوں کے خلاف ایک مرتبہ پھر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

لبنان کے دارالحکومت بیروت اور دوسرے چھوٹے بڑے شہروں میں کم وبیش روزانہ ہی احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق مظاہرین نے شمالی شہر طرابلس اور مشرقی علاقے وادی بقاع میں بعض بڑی شاہراہوں کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا ۔بیروت کی جانب جانے والی مرکزی شاہراہوں کو بھی انھوں نے مختصروقت کے لیے بند کردیا تھا لیکن پھر ٹریفک کے لیے کھول دیا ۔