فرانس کی خلا میں اپنی نوعیت کی پہلی فوجی مشقیں جاری

ان مشقوں کا مقصدشدید دبائو میں ہمارے سسٹم کا امتحان ہے،فرانس کی خلائی کمانڈ کے سربراہ

بدھ 10 مارچ 2021 14:50

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2021ء) پیرس فرانس دنیا کی تیسری بڑی خلائی طاقت بننے کی کوشش میں ہے اور یہ فوجی مشقیں اسی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ اس مشق سے فرانس اپنی خلائی کمانڈ کی صلاحیت جانچنا چاہتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فرانس نے اس ہفتے سے خلا میں اپنی پہلی فوجی مشقوں کا آغاز کیا ۔ اس کا مقصد اس بات کا اندازہ لگانا ہے کہ حملے کی صورت میں اس کی خلائی کمانڈ اپنے خلائی مصنوعی سیاروں اور دیگر دفاعی آلات کے دفاع کی کتنی صلاحیت رکھتی ہے۔

فرانس کی خلائی کمانڈ کے سربراہ مائیکل فریڈلنگ کا کہنا تھا کہ ان مشقوں کا مقصدشدید دبائو میں ہمارے سسٹم کا امتحان ہے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ فرانس کی فوج کی جانب سے یہ اپنی نوعیت کی پہلی مشقیں ہیں جبکہ یورپ میں بھی پہلی بار ایسا ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

خلائی کمانڈ کے سربراہ مائیکل فریڈلنگ نے بتایا کہ مشق کے دوران سلسلہ وار واقعات رونما ہوں گے جو ہمارے خلائی انفراسٹرکچر کے لیے ایک بحرانی صورت حال پیدا کریں گے یا پھر خطرہ بن جائیں گے۔

تاہم یہ صرف یہیں تک محدود نہیں ہوگی۔ یورپی اسپیس ایجنسی (ای ایس اے )ان سیارچوں کے زمین سے ٹکرانے کے خطرات سے قبل از وقت آگاہ کرنے والا نظام تیار کر رہی ہے۔ یہ نظام اٹلی میں فراسکاتی کے قریب نصب کیا جائے گا۔ ٹینریفے میں نصب اس طرح کی دور بینوں کا ڈیٹا اس نظام میں جمع کیا جائے گا۔اس مشق کے دوران فرانسیسی فوج ممکنہ طور پر ایک خطرناک خلائی آبجیکٹ کا مشاہدہ کرنے کے ساتھ ہی اپنی سیٹلائٹ کے لیے ایک ایسی بیرونی طاقت سے خطرہ محسوس کریگی جو خلائی فوجی طاقت سے لیس ہو۔

خلا میں فوجی مشق کا منظر ایک ایسے ملک کے ساتھ بحران پر مبنی ہے جس کے پاس خلائی طاقت ہے اور دوسرا ملک وہ ہے جس کا فرانس کے ساتھ عسکری تعاون کا معاہدہ ہے۔ فرانس کی جانب سے ہونے والی ان خلائی مشقوں میں امریکا کی خلائی فورس اور اور جرمن خلائی ایجنسی بھی شریک ہیں۔ ان کی ابتدا پیر آٹھ مارچ کو ہوئی تھی اور جمعہ 12 مارچ کو ختم ہوگی۔ فرانس کی وزیر دفاع فلورنس پارلی کا کہنا تھاکہ ہمارے اتحادی اور حریف خلا کو فوج سے لیس کر رہے ہیں۔ہمیں بھی اس پر اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔