شہریوں کو اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کی طرف اہم قدم، ایل ڈی اے اور نیا پاکستان اتھارٹی کے درمیان ایم او یو پر دستخط

بدھ 10 مارچ 2021 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2021ء) وزیراعظم پاکستان کی50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے پروگرام کے سلسلے میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبے کے تحت تعمیر کیے جانے والے چار ہزار میں سے دو ہزار اپارٹمنٹس نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نامزد کردہ شہریوں کو الاٹ کئے جائیں گے۔ یہ اتھارٹی ان افراد کو تین لاکھ روپے فی کس سبسڈی دے گی جو براہ راست منصوبے کے ایسکرو اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں دونوں محکموں کے درمیان ایم او یو پر دستخط کر دئیے گئے۔اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (نیوڈا) کے چیئرمین جنرل (ریٹائرڈ) انور علی حیدر، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران، واسا لاہور کے واسا چیئرمین شیخ امتیاز محمود اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی موجود تھیں۔نیوڈا کی طرف سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پراجیکٹ بریگیڈئر (ر) امانت علی خان اور ایل ڈی اے کی طرف سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ رانا ٹکا خان نے ایم او یو پر دستخط کئے۔