نشتر پارک میں 13مارچ کوجانثاران مصطفی کانفرنس میں کراچی کے مسائل کے حل کیلئے تحریک کا آغاز کریں گے ،محمد ثروت اعجاز قادری

لاہور سے کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان سنی تحریک کے تحت 12مارچ کو صدائے کشمیر ٹرین مارچ روانہ ہوگا اور 13مارچ کو کراچی کینٹ اسٹیشن پر اس ٹرین مارچ کا شاندار استقبال کیا جائیگا،،سربراہ پاکستان سنی تحریک کی پریس کانفرنس

بدھ 10 مارچ 2021 23:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2021ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ نشتر پارک میں 13مارچ کوجانثاران مصطفی کانفرنس میں کراچی کے مسائل کے حل کیلئے تحریک کا آغاز کریں گے ، لاہور سے کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان سنی تحریک کے تحت 12مارچ کو صدائے کشمیر ٹرین مارچ روانہ ہوگا اور 13مارچ کو کراچی کینٹ اسٹیشن پر اس ٹرین مارچ کا شاندار استقبال کیا جائیگا ۔

ان خیالات کا اظہار پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان فہیم الدین شیخ، محمد مبین قادری، محمد طیب قادری، محمد آفتاب قادری، اور کراچی کمیٹی کے عہدیدارن ان کے ہمراہ تھے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سندھ کا سب سے بڑا شہر ملک کا معاشی انجن کراچی کی موجودہ صورتحال پر دل رورہا ہے ،کراچی جس کا شمار دنیا کے بہترین ترقی یافتہ ماڈل شہروں میں شمار ہونا چاہیے تھا حکومت کی عدم توجہ اورناقص پالیسیوں کی وجہ سے بد حالی کا شکار ہے ،میئر کراچی ۔

(جاری ہے)

۔کراچی کو بہتر کرنے کی بجائے میرے پاس اختیار اور فنڈ نہیں ہے کا رونا روتے رہے اور کراچی کھنڈر میں تبدیل ہوگیا ،سندھ حکومت دعوئوں سے کام نہ چلائے سندھ نہیں بلکہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی ترقی کیلئے کام کریں ،جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر ،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،سیوریج کا پانی جگہ جگہ سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہے ،سیوریج کی نکاسی کیلئے انکروچمنٹ ہٹانے اور نالوں کی صفائی پربڑا بجٹ لگایا گیا مگر سیوریج کی نکاسی کا نظام آج پہلے سے زیادہ تباہ کن ہے ،وفاقی وصوبائی حکومت کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کریں ،نیک نیتی کے ساتھ کراچی کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے کام کیا جائے ،مثبت پالیسی کا ساتھ دینگے اگر عوام کے مسائل حل نہ ہوئے تو عوام کے ساتھ کھڑے ہونگے۔

11اپریل 2006کو سانحہ نشترپارک ہوا جس میں جشن ولادت رسول ؐمناتے ہوئے نماز کی حالت میں ہماری پوری اعلیٰ قیادت سمیت 63علماء ومشائخ اہلسنت شہید ہوگئے تھے مگر اس کے باوجود ہم نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا ،دہشتگردی کے خلاف جب ضرب عضب آپریشن شروع ہوا تو ہم نے اس آپریشن کی مکمل حمایت کی اور آج جب آپریشن ردالفساد جاری اس کی بھی حمایت زبانی نہیں بلکہ عوام میں جاکر شعور اجاگر کیا آج الحمد اللہ ملک سے دہشتگردی آخری ہچکیاں لے رہی ہے ،کراچی میں آج حالات بہت اچھے ہیں امن کی صورتحال 25سالوں کی نسبت ابھی بہت اچھی ہوچکی ہے ہر سیاسی ومذہبی تنظیم آزادی سے کام کررہی ہے ،جس کا سہرا پاک فوج ورینجرز اور پولیس کو جاتا ہے ،13مارچ کو پاکستان سنی تحریک کے تحت عظیم الشان جاں نثاران مصطفی کانفرنس نشترپارک میں منعقد ہوگی۔

جس میں کراچی کے مسائل پر آواز بلند اور وفاقی وصوبائی حکومتوں کو آئینہ دیکھایا جائیگا ساتھ شہداء نشترپارک ،شہداء پاکستان ،ملکی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے شہید ہونے والے پاک فوج ،رینجرز ،پولیس اور آزادی صحافت کی جدوجہد کرتے ہوئے شہید ہونے والے صحافیوںو سول سوسائٹی کے شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جائیگا ،شہداء سے تجدید عہد وفا اور ملک کی سلامتی کیلئے تن من دھن سب کچھ قربان کرنے کا عزم دہرایا جائیگا ۔

انہوں کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان سنی تحریک کے تحت بھارت کی بربریت ،مظالم اور مسلم نسل کشی کے خلاف احتجاجی مظاہرے ،ریلیوں کا انعقادکرتے رہتے ہیں ،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان سنی تحریک کے تحت صدائے کشمیر ٹرین مارچ نکالا جائے گا تیز گام ٹرین کے ذریعے 12مارچ کو لاہور سے ،صدائے کشمیر ٹرین مارچ شیر پنجاب مرکزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی اور علماء کرام کی قیادت میں مختلف شہروں سے ہوتا ہوا ،13مارچ کی صبح کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچے گا کو صدائے کشمیر ٹرین مارچ کا کراچی کینٹ اسٹیشن پر زبردست استقبال کرینگے اور ہاتھوں کی زنجیر بناکر کشمیریوں سے یکجہتی کیا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن بے قابو ہے حکومت معیشت بہتری کے دعوئے کررہی ہے مگر اس کے فوائد غریب کو نہیں مل رہے آٹا ،چینی ،گھی ودیگر ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتیں آسمانوں پر پہنچ گئی ہیں ،مزدور غریب کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہورہا مگر مہنگائی میں اضافہ ہر15 دن بعد ہوتا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ،رمضان المبارک سے قبل دودھ چینی ،گھی، دال ،چاول ،مرغی کے گوشت پھل فروٹ کی قیمتیں بلندیوں پر جارہی ہیں ،حکومت بتائے من مانی قیمتوں اور اضافے کو کون روکے گا غریب کو کون ریلیف دلائے گا ،دعوں کا دور گزر چکا ہے وفاقی وصوبائی حکومتیں مہنگائی کے جن کو عملی طور پر قابو میں کریں آٹا،گھی ،چینی ودیگر اشیاء کی قیمتوں کو واپس 2سال پہلے والی پوزیشن پر لایا جائے ،نشتر پارک کی کانفرنس مزدور ،غریب اور پسے ہوئے افراد کی آواز بنے گی ۔

انتہا پسندی ملک اور نسلوں کیلئے زہر قاتل ہے انتہاپسندی کے خلاف ہیں اور اس کے خاتمے کیلئے ہمیشہ مثبت رول ادا کیا ہے ،ملک میں صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کا سلسلہ وار سیریل چل رہا ہے مگر قانون خاموش ہے سائبر کرائم ٹیم ،ایف آئی اے ،پی ٹی اے اور سی پی ایل سی کیوں ان قوتوں کے خلاف ایکشن نہیں لیتیں ،کوئی بھی مسلمان صحابہ کرام کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا ،شعائر اسلام کی عزت وعظمت کا تحفظ کرنا ہم سب کا دینی فریضہ ہے ،ایک وقت ایسا آیا ملک میں طاقت اور اسلحے کے زور پر خود ساختہ بنائوٹی مذہب مسلط کرنے کیلئے انتہا پسندوں نے ریاست کو چیلنج کیا آج ان کا صفایا ہوچکا ،آپریشن ردالفساد یا نیشنل ایکشن پلان کے تحت صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کرنیوالوں کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لیکر سزائیں دی جائیں ،آئین وقانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ملک کا آئین شعائر اسلام کا تحفظ اور شعائر اسلام کی توہین کرنیوالوں سزانامزد کررہا ہے تو پھر کیا وجہ ہے مذہبی جنونیت پھیلانے والوں کو گرفتار نہیں کیا جارہا ،اسلام دشمن بیرونی قوتیں ملک میں مذہبی انتشار کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ،اسلام دشمن سازشوں کو امن کا پرچم بلند اور اتحاد ویکجہتی سے ہی ناکام بنایا جاسکتا ہے جس پر عمل پیرا ہیں ریاست اور قانون انتہاپسندی کے خلاف ایکشن میں آنا ہوگا ۔