فیصل آباد ،لیسکو49 واںآل واپڈا انٹر یونٹ فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا

جمعرات 11 مارچ 2021 21:07

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مارچ2021ء) لیسکو (لاہور)نی49 واںآل واپڈا انٹر یونٹ فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا۔این ٹی ڈی سی نے ٹورنامنٹ میں دوسری جبکہ گیپکو (گوجرانوالہ) نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ ٹورنامنٹ کا اہتمام فیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن نے کیا تھا۔چیف ایگزیکٹو فیسکوارشد منیر اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جنہوںنے پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور دیگرانعامات دیئے ۔

ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر انہوں نے ایگری کلچرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور چئیرمین سپورٹس بورڈ ڈاکٹر فاروق احمدکوخراج تحسین پیش کیا اور کہا انھوں نے ایگری کلچرل یونیورسٹی میں نہ صرف ٹورنامنٹ کے انعقاد کی اجازت دی بلکہ اس کو اپناایونٹ سمجھتے ہوئے کامیاب بھی کرایا۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو نے فیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اطہر ایوب چوہدر ی ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عابد رشید، سپورٹس آفیسر محمد ارشد اوردیگر عہدیداران کو ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر شاباش بھی دی ۔

چیف ایگزیکٹو فیسکوارشد منیر نے پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور ہارنے والی ٹیم کو مزید محنت اور لگن کی تلقین کی تاکہ مستقبل میں وہ اپنا لوہا منوا سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ واپڈا کے مختلف یونٹس کے درمیان کھیلوں کے فروغ سے ملازمین میں سپورٹس مین سپرٹ پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے جو ناصرف فیسکو بلکہ صحت مند معاشرے کی تعمیر کیلئے اشد ضروری ہے چیف ایگزیکٹو فیسکو نے کہا کہ فیسکو نے ہمیشہ کھیلوں کی سرپرستی کی ہے اورکھیلوں کے فروغ کیلئے فیسکو اپنے کردار کو ایک نئے عزم کے ساتھ جاری رکھے گا۔

یہ بات خوشی کا باعث ہے کہ فیسکوکے کھلاڑی نہ صرف قومی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان کیلئے کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں اور ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔قبل ازیں کھیلے گئے فائنل میچ میں لیسکو (لاہور) کی ٹیم نے این ٹی ڈی سی کی ٹیم کو2کے مقابلے میں صفر گول سے شکست دی۔ بعدازاں چیف ایگزیکٹو فیسکوارشد منیر نے جیتنے والی لیسکو کی ٹیم کے کپتان اور رنر اپ ٹیم کے کپتان کو ٹرافی اور دیگر انعامات دیئے۔

اس موقع پرجنرل سیکرٹری فیسکو سپورٹس ایسوی ایشن اطہر ایوب چوہدری ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عابد رشید، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آر سعید رضا، چئیرمین سپورٹس بورڈ ایگری کلچر یونیورسٹی ڈاکٹر فاروق احمد ، سپورٹس آفیسر محمد ارشد، ایسوسی ایٹس فیسکو سپورٹس سعید اختر، سپورٹس آفیشلزاور تماشائیوں کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔