سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ملزم زبیر عرف خرے کے دوران تفتیش اہم انکشافات

ایس پی چوہدری اسلم پر حملے کی منصوبہ بندی مفتی شاکر اللہ نے کی،خودکش حملہ آور نعیم اللہ کو ہدایت نعیم بخاری نے دی

ہفتہ 13 مارچ 2021 15:58

سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ملزم زبیر عرف خرے کے دوران تفتیش اہم انکشافات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2021ء) سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ملزم زبیر نے انکشاف کیا ہے کہ ایس پی چوہدری اسلم پر حملے کی منصوبہ بندی مفتی شاکر اللہ نے کی۔اورنگی ٹاؤن سے سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ملزم زبیر عرف خرے نے دوران تفتیش اہم انکشافات کردیئے۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملزم کافی عرصے سے روپوش اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر شاکر اللہ سے مسلسل رابطے میں تھا، اسی کی ہدایت پر چند روز قبل منصوبہ بندی کے تحت کراچی آیا، جسے اسلحہ کی ترسیل کے دوران گرفتار کیا گیا۔

ملزم ضلع ویسٹ میں پولیس اہلکاروں سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں بھی ملوث ہے۔ ملزم زبیر نے امیر شاکر اللہ کی ہدایت پر قاری جان اور قاری الیاس کے ہمراہ پولیس اہلکاروں کو شہید کیا۔ مفتی شاکر پڑوسی ملک سے پاکستان پر حملوں کے احکامات دیتا رہا۔ملزم نے بتایا کہ ایس ایس پی چوہدری اسلم پر حملے کی منصوبہ بندی مفتی شاکر اللہ کے مدرسے میں کی گئی۔ حملے میں مفتی شاکر اللہ، نعیم بخاری ملوث تھے۔خودکش حملہ آور نعیم اللہ کو ہدایت نعیم بخاری نے دی۔