صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن و آئی ٹی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے چکوال میں ای روزگار سنٹر کا افتتاح کر دیا

پنجاب کے وزیر ہائر ایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج چکوال میں ای روزگار سنٹر کا افتتاح کر دیا

ہفتہ 13 مارچ 2021 17:58

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن و آئی ٹی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز  نے چکوال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مارچ2021ء) پنجاب کے وزیر ہائر ایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج چکوال میں ای روزگار سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور‘ ڈپٹی کمشنر چکوال کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم، ڈائریکٹر جنرل ساجد لطیف اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر ہائر ایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا کہ ای روزگار پروگرام محکمہ امور نوجواناں ، کھیل اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کا مشترکہ منصوبہ ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو آن لائن پلیٹ فارمز سے آمدنی کمانے کی تربیت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای روزگار پروگرام سے اب تک 28ہزار گریجوایٹس تربیت لے کر 2ارب 40کروڑ روپے زرمبادلہ کما چکے ہیں جن میں خواتین کی تعداد54فیصد ہے۔

(جاری ہے)

چکوال ای روزگار سنٹر سمیت پنجاب میں 32 ای روزگار سنٹرز فعال ہو چکے ہیں جن میں 4 خواتین کیلئے مختص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای روزگار ایسا پروگرام ہے جس کی بدولت تربیت یافتہ گریجوایٹس گھر بیٹھے روزگار کما سکتے ہیں۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور نے کہا کہ ای روزگار پروگرام پنجاب میں نوجوانوں کو بلا معاوضہ فری لانسنگ اور ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت فراہم کررہا ہے۔ ای روزگار کے تحت تین ماہ کے عرصے کیلئے نوجوانوں کو تکنیکی‘کنٹینٹ مارکیٹنگ اور کری ایٹو ڈیزائن کے شعبوں میں آمدنی کمانے کی تربیت دی جاتی ہے۔