نارروال میں شادی پر پیسے کی بارش، چند منٹوں میں 20 لاکھ روپے نچھاور

شادی پر دلہا کی جانب سے پیسوں کی بارش نے سب کو حیران کردیا، پیسے لوٹنے والے کم پڑ گئے ، ویڈیو وائرل

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 14 مارچ 2021 16:21

نارروال میں شادی پر پیسے کی بارش، چند منٹوں میں 20 لاکھ روپے نچھاور
نارروال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 14 مارچ2021ء) پنجاب کے شہر نارروال میں شادی کے موقع پر پیسے کی بارش، چند منٹوں میں 20 لاکھ روپے نچھاور کردیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر نارروال میں شادی کی تقریب میں نوٹ لوٹنے والے کم پڑ گئے۔ میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہا کی جانب سے پیسوں کی برسات کی جا رہی ہے ۔ نارروال میں ہونے والی شادی کی تقریب میں اس وقت لوگ حیران و پریشان ہوگئے، جب انہوں نے دلہا کے گھر کی چھت سے لوگوں کو نوٹوں کی بارش کرتے دیکھا۔

بس پہلے نوٹ کو گرنے کی دیر تھی کہ لوگ جھولیاں بھرنا شروع ہوگئے۔ مگر نوٹوں کی بارش نہ تھمی اور چند ہی منٹوں میں 20 لاکھ روپے کی بارش کردی گئی ۔ موقعہ پر موجود بچوں اور بڑوں نے خوب پیسے لوٹے، اس وقت تک سڑک پر ٹریفک بھی جام رہا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس طرح کے واقعات اکثر و بیشتر دیکھنے کو ملتے ہیں ، گزشتہ دنوں پاکپتن میں خاور مانیکا کے گھر پر تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

ویڈیو ایک تقریب کی ہے جس میں خاور مانیکا کو دھمال ڈالے ہوئےبھی دیکھا جا سکتا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پاکتپن میں خاور مانیکا کے گھر پر ان کے بیٹے ابراہیم مانیکا کی شادی کی خوشی میں تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں خاور مانیکا اور ان کا بیٹا صوفیانہ کلام پر دھمال ڈالتے رہے اور عقیدت مندوں کی جانب سے ان پر نوٹ بھی نچھاور کیے گئے۔
اس تقریب کے دوران ہوئی فائرنگ بھی کی گئی تھی۔