لائیو اسٹاک اور فشریز ہماری معیشت میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ، ناصر حسین شاہ

سندھ میںجتنے ضمنی انتخابات ہوئے ہیں اس میں پیپلز پارٹی کی کامیابی چیئرمین پی پی پی کی سیاسی بصیرت کا نتیجہ ہے، لائیو اسٹاک ایکسپو کا مقصد لائیو اسٹاک کو متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ اس سے منسلک لوگوں کوجدید معلومات فراہم کرنا ہے،وزیر اطلاعات وبلدیات

اتوار 14 مارچ 2021 20:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2021ء) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ لائیو اسٹاک اور فشریز ہماری معیشت میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اورہماری آبادی کا بڑا حصہ ان شعبوں سے وابستہ ہے اور انکی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ کی جانب سے منعقد کیے گئے سہہ روزہ لائیو اسٹاک ایکسپو 2021 کی اختتامی تقریب میں کل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔

یہ بات انہوں نے آج ہٹڑی بائی پاس گراو نڈ میں لائیو اسٹاک ایکسپو 2021میں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک ایکسپو فارمرز کیلئے بہت زیادہ معلوماتی اور پاکستان کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جس میں میڈیاکا کرادار انتہائی اہم رہا ہے اور میڈیا کے تعاون سے یہ پروگرام کامیابی کی طرف گامزن ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کا جو بھی متفقہ فیصلہ ہوگا اس پر عمل کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا فیصلہ بھی پی ڈی ایم کے قائدین کریں گے اور میری ذاتی سوچ یہ ہے کہ لانگ مارچ تب تک جاری رہیگا جب تک وفاقی حکومت سے نجات حاصل نہ کر لیں۔سندھ میںجتنے ضمنی انتخابات ہوئے ہیں اس میں پیپلز پارٹی کی کامیابی چیئرمین پی پی پی کی سیاسی بصیرت کا نتیجہ ہے اورعددی اعتبار سے اور قانونی طور پر سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی ہیں اورپریزائیڈنگ آفیسرکا فیصلہ بد نیتی پر مبنی ہے جس کا جواب انہیں دینا پڑے گا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ طلال چوہدری صرف ایک کارکن ہے ان کی بات کو اتنی اہمیت نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہا کہ کیمروں کی تنصیب ملی بھگت ہی ہے جبکہ میڈیا نے بھی اس کو پوائنٹ آٹ کیا اور ایک کیمرہ نہیں بلکہ کئی کیمرے ظاہر ہوئے ۔ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شو آف ہینڈز ایک شوشہ تھا اوروہ نہیں چاہتے تھے کہ ایسا ہو اور اس ضمن میںکوئی مشاورت بھی نہیں کی گئی یہ بہت عجلت میں فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے چیئرمین نے شروع میں کہا تھاکہ وزیر اعظم سے تعاون کیا جائیگا لیکن ان کا رویہ ہمیشہ سے منفی رہاہے اور وہ صرف اپنے مطلب کی بات کرتے ہیں۔قبل ازیںاس موقع پر منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ لائیو اسٹاک ایکسپو کا مقصد لائیو اسٹاک کو متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ اس سے منسلک لوگوں کوجدید معلومات فراہم کرنا ہے۔

کیلیفورنیا کے بعد یہ دنیا کا سب سے بڑا لائیو اسٹاک ایونٹ ہے اورلائیو اسٹاک کے اس کامیاب ایونٹ کا انعقاد ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس کا سہرہ بلا شبہ ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جاتاہے جنہوںنے محکمہ لائیو اسٹاک کیلئے ایک باصلاحیت وزیر کا انتخاب کیا۔انہوں نے کہا کہ آج لائیو اسٹاک ایکسپو 2021 کا دوسرا دن ہے اور لائیو اسٹاک کے صوبائی وزیر عبدالباری پتافی کومبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ایک کامیاب ایونٹ کا انعقاد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ا یکسپو میں پورے ملک سے مویشی مالکان اپنی نایاب نسلوں کے جانور نمائش کیلئے لاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک پنجاب حسنین بہادر دریشک اس وقت سندھ لائیو اسٹاک ایکسپو 2021 کی مرکزی تقریب میں خصوصی طور پر موجود ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے پنجاب کے صوبائی وزیر کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اچھی روایت ہے۔

تقریب میں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے صوبائی وزیر انجینئر عبدالباری پتافی نے کہا کہ اس ایکسپو کی خاص بات یہ ہے کہ محکمہ کی تمام سرگرمیاں ایک ہی مقام پرمنعقد کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ محفل موسیقی کا پروگرام بھی منعقد کیا جاتا ہے ۔تقریب میں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک پنجاب حسنین بہادر دریشک نے اہم شخصیات کو سوونیئر پیش کیے ۔ ایکسپو میں کیول واک پر مختلف اقسام کے اونٹ ، کاموری بکری ، کنڈھی بھینس ، لال گائے اور دیگر جانوروں کی نمائش جاری ہے۔ تقریب میں ایم پی اے شرجیل انعام میمن، سیکریٹری لائیو اسٹاک اعجاز احمد مہیسر ،ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومر و، ایوب کھوسو،نذیر کیریو نے بھی شرکت کی۔