جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ،بی این پی عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے، میر فاروق خان جمالی

پیر 15 مارچ 2021 17:42

اوستہ محمد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2021ء) سابق وزیراعلی بلوچستان ایم پی اے میر جان محمد خان جمالی کے فرزند میر فاروق خان جمالی نے کہا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان نواب جام کمال خان عالیانی کی قیادت میں بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن بلوچستان عوامی پارٹی عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے ۔ان خیالات کا اظہار میر فاروق خان جمالی نے اوستہ محمد پریس کلب کے صدر محمد حنیف بلوچ کی قیادت میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا۔

اس موقع پر اوستہ محمد پریس کلب کے نائب صدر حارث خواجہ،جنرل سیکریٹری علی حسن بلوچ جوائنٹ سیکریٹری لونگ خان جمالی اور سینئر صحافی محمد حنیف مینگل،ذوالفقار کھوسہ اور خاوند بخش برڑو بھی موجود تھے۔میر فاروق خان جمالی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی مرکزی چیف آرگنائزر سابق وزیراعلی بلوچستان ایم پی اے میر جان محمد خان جمالی کی قیادت میں مختصر وقت میں بلوچستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی پر تنقید کرنے والے پارٹی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار وزیراعلی بلوچستان نواب جام کمال خان عالیانی کی قیادت میں بلوچستان بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے ترقیاتی اسکیمات کی تکمیل سے بلوچستان ترقی کی منزلیں طے کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت ہمارا ویڑن ہے میر فاروق خان جمالی نے کہا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہیں زرد صحافت سے اجتناب کرتے ہوئے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ اوستہ محمد پریس کلب کے صحافیوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کی بہتر انداز میں اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے میر فاروق خان جمالی نے کہا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے اوستہ محمد شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی کروڑوں روپے کی لاگت سے بلیک ٹاپ سڑکوں کا تعمیراتی عمل شروع کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ نئے سال کی بجٹ میں ایم پی اے فنڈز سے پریس کلب اوستہ محمد کی تعمیر کیلئے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ رکھا گیا ہے میر فاروق خان جمالی نے کہا کہ اوستہ محمد کے شہریوں کو بجلی کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے پچاس سے زائد بجلی کے ٹرانسفارمر فراہم کیا جائے گا جس سے عوام مستفید ہوں گے۔