پی آئی اے میں انجینئرز کی اسامیوں کیلئے نان انجینئرز کی بھرتیوں کا انکشاف

بطور ایئرکرافٹ انجنیئر 577 بھرتیوں میں 404 انجینئر ہی نہیں ہیں ، پاکستان انجینئرنگ کونسل نے سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کو خط لکھ دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 مارچ 2021 16:01

پی آئی اے میں انجینئرز کی اسامیوں کیلئے نان انجینئرز کی بھرتیوں کا ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مارچ 2021ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن میں انجینئرز کی اسامیوں کیلئے نان انجینئرز کی بھرتیوں کا انکشاف ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں انجینئرز کی اسامیوں کیلئے نان انجینئرز کی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے جس کے بارے میں پاکستان انجینئرنگ کونسل نے سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کو ایک خط لکھا ہے ، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بطور ایئرکرافٹ انجنیئر 577 بھرتیوں میں 404 انجینئر ہی نہیں ہیں ، نئے بھرتی کیے گئے ملازمین میں سے کوئی انجینئرنگ ادارے میں بطور انجینئر رجسٹرڈ نہیں ہے جب کہ قواعد و ضوابط کے مطابق سرکاری ادارے میں پی ای سی سے رجسٹرڈ نہ ہونے والا انجینئر بھرتی کیلئے اہل نہیں ہے۔

دوسری طرف قومی ائیر لائن کی ایک پرواز میں اڑان بھرنے کے بعد اچانک خرابی آنے کے باعث دوبارہ اتارنا پڑا ، پشاور سے ابوظہبی جانے والے طیارے کو پشاور ائیرپورٹ پر دوبارہ اتار لیا گیا ، تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے پی کے 217 نے پشاور ائیرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کو پشاور ائیرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

(جاری ہے)

پرواز پشاور سے ابوظہبی جا رہی تھی کہ اس میں اڑان بھرنے کے فورا بعد پرواز میں فنی خرابی آ گئی ، جس پر کپتان نے کنڑول ٹاور سے رابطہ کیا۔ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق اجازت ملنے پر طیارے کو پشاور ائیرپورٹ پر دوبارہ بحفاظت اتار لیا گیا ، ائیرپورٹ زرائع نے مزید بتایا کہ ائیر بیس 320 کے پریشر سسٹم میں اچانک خرابی پیدا ہو گئی تھی ، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو ائیرپورٹ لاؤنج منتقل کیا گیا۔

جب کہ حال ہی میں پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے کاایک طیارہ ٹریکٹر سے بھی ٹکرا گیا تھا ، ا سلام آباد ایئرپورٹ پر ٹگ ماسٹر طیارے کو رن وے پر لے جارہا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے طیارے سے ٹریکٹر ٹکرا گیا ، ٹریکٹر سے ٹکرانے کے باعث قومی ائیرلائن کے طیارے کا وی ایچ ایف اینٹینا ٹوٹ گیا ، پی آئی اے حکام نے طیارے سے ٹریکٹر ٹکرانے کی تصدیق کردی تاہم ٹریکٹر ٹکرانے کے نتیجے میں کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔