پی آئی اے کے طیارے کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا

طیارے میں 162مسافر سوار تھے ، پرندہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز 368 سے ٹیک آف کے بعد ٹکرایا ، جس کے بعد طیارے کو بحفاظت کراچی ایئرپورٹ اتار لیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 مارچ 2021 14:42

پی آئی اے کے طیارے کے انجن  سے پرندہ ٹکرا گیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مارچ 2021ء ) قومی ایئر لائن کے طیارے کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے طیارے میں 162مسافر سوار تھے ، جب کہ پرندہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز 368 سے ٹیک آف کے بعد ٹکرایا ، جس کے بعد طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا اور مسافروں کو اسلام آباد بھیجنے کے لیے متبادل طیارے کا انتظام کیا گیا۔

خیال رہے کہ چند تروز قبل قومی ائیر لائن کی ایک پرواز میں اڑان بھرنے کے بعد اچانک خرابی آنے کے باعث دوبارہ اتارنا پڑا ، پشاور سے ابوظہبی جانے والے طیارے کو پشاور ائیرپورٹ پر دوبارہ اتار لیا گیا ، تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے پی کے 217 نے پشاور ائیرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کو پشاور ائیرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

(جاری ہے)

پرواز پشاور سے ابوظہبی جا رہی تھی کہ اس میں اڑان بھرنے کے فورا بعد پرواز میں فنی خرابی آ گئی ، جس پر کپتان نے کنڑول ٹاور سے رابطہ کیا ، ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق اجازت ملنے پر طیارے کو پشاور ائیرپورٹ پر دوبارہ بحفاظت اتار لیا گیا ، ائیرپورٹ زرائع نے مزید بتایا کہ ائیر بیس 320 کے پریشر سسٹم میں اچانک خرابی پیدا ہو گئی تھی ، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو ائیرپورٹ لاؤنج منتقل کیا گیا۔

جب کہ حال ہی میں پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے کاایک طیارہ ٹریکٹر سے بھی ٹکرا گیا تھا ، ا سلام آباد ایئرپورٹ پر ٹگ ماسٹر طیارے کو رن وے پر لے جارہا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے طیارے سے ٹریکٹر ٹکرا گیا ، ٹریکٹر سے ٹکرانے کے باعث قومی ائیرلائن کے طیارے کا وی ایچ ایف اینٹینا ٹوٹ گیا ، پی آئی اے حکام نے طیارے سے ٹریکٹر ٹکرانے کی تصدیق کردی تاہم ٹریکٹر ٹکرانے کے نتیجے میں کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔