انتخابی اصلاحات ،وزیراعظم عمران خان نے دس رکنی سیاسی کمیٹی قائم کردی

سیاسی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر وزیراعظم سے ملاقات کریگی،کمیٹی انتخابی اصلاحات، نیب قوانین میں ترامیم پر اپوزیشن سے مذاکرات کریگی

جمعرات 18 مارچ 2021 23:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2021ء) انتخابی اصلاحات کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے دس رکنی سیاسی کمیٹی قائم کردی۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی میں وفاقی وزراء پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی، ، سینیٹر شبلی فراز ،فواد چوہدری، شیخ رشید ،شفقت محمود، عامر کیانی سیف اللہ نیازی سیاسی کمیٹی میں شامل ہیں ،سیاسی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر وزیراعظم سے ملاقات کرے گی،انتخابی اصلاحات، نیب قوانین میں ترامیم پر اپوزیشن سے مذاکرات کرے گی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن سے مذاکرات کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کے سپرد کر دیا گیا ،سیاسی کمیٹی معیشت، روزگار، ریلیف پیکجز اور سبسڈیز سے متعلق بھی تجاویز پیش کرے گی۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے احساس پروگرام کے ذریعے غریب طبقے کو مختلف شعبوں میں براہ راست سبسڈی دینے پر غور شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اسپیکر اسد قیصر نے سینٹ اور قومی اسمبلی کے تمام پارلیمانی رہنماؤں کو خط لکھ دیاجس میں کہاگیاکہ پارلیمانی کمیٹی میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنما شامل کیے جائیں گے۔

اسد قیصر نے کہاکہ انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کا نوٹیفکیشن سینیٹ میں پارلیمانی رہنماؤں کی نامزدگی کے بعد جاری کیا جائیگا، شفاف انتخابات کے لئے انتخابی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں،ماضی میں ووٹوں کی خریدوفروخت کی منڈی لگتی تھی جس کا خاتمہ کرنا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ کرپٹ پریکٹسز کا خاتمہ کرکے پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے ،آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات لانا چاہتے ہیں۔