کرک کے ہر گاؤں میں ایریا ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت زندگی کی ہر سہولت فراہم کی جائے گی، شاہد خٹک

ہفتہ 20 مارچ 2021 23:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2021ء) حلقہ این اے 34 کرک کے ایم این اے شاہد خٹک نے کہا ہے کہ ضلع کرک بالخصوص بانڈہ داؤد شاہ کے ہر گاؤں میں ایریا ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت سڑکوں، گیس، بجلی، آبپاشی وآبنوشی، زراعت، جنگلات، حیوانات، تعلیم اور صحت سمیت جدید زندگی کی ہر سہولت فراہم کی جائے گی۔ وہ ہفتے کے روز مشرقی بائی پاس تا مغربی بائی پاس تک براستہ ٹیری بازار 3.4 کلومیٹر سڑک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں علاقہ عمائدین اور پی ٹی آئی ورکرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شاہد خٹک نے اعلان کیا کہ تحصیل بانڈہ داؤد شاہ ہسپتال میں ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے تقریباً 3کروڑ روپے جبکہ سول ہسپتال ٹیری میں پانی، سولرائزیشن اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جن پر بہت جلد کام شروع کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلان کیا کہ جی پی ایس بیرگئی میں دو کمروں کی تعمیر و بحالی کیلئے 40 لاکھ روپے کا ٹینڈر جلد ہی شائع ہو جائیگا۔ اسی طرح بانڈہ داؤد شاہ میں خرم محمد زئی ڈیم پر تقریباً 20 کروڑ روپے کی لاگت سے عیدالفطر کے فوراً بعد کام کا آغاز کیا جائیگا۔ مزید یہ کہ بانڈہ داؤد شاہ کرک براستہ نری پنوس روڈ پر 32 کروڑ روپے کی لاگت سے کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں گرگری تا کرک براستہ بہادر خیل روڈ پر کام وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد شروع کیا جائیگا جس کا تخمینہ لاگت تقریباً 82 کروڑ روپے ہے اور جس کی تکمیل کے بعد ضلع کے طول وعرض میں فاصلے سمٹ جائینگے۔ ایم این اے نے 62 کروڑ روپے کی لاگت سے بانڈہ تا گرگری روڈ پر جاری کام کا معائنہ بھی کیا۔ قبل ازیں افتتاح کے مقام پہنچنے پر خٹک قوم نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء اور ورکرز مشر فرقان شاہ، عنایت اللہ، مجاہد خٹک، نثارگل خٹک، عمر بھائی، سیف الرحمن، صلاح الدین، محمد علی، فیاض خٹک، اور ولایت شاہ پیش پیش تھے۔