ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت سمال ڈیمز پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

مہوٹہ اور چہان ڈیمز کیلئے حاصل کی گئی زمین کی ادائیگیوں کے عمل کو مزید تیز کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر پٹواریوں اور ریونیو عملہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا،کیپٹن (ر) محمد محمود

پیر 22 مارچ 2021 23:08

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2021ء) کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں مہوٹہ اور چہان ڈیمز کیلئے حاصل کی گئی زمین کی ادائیگیوں کے عمل کو مزید تیز کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر پٹواریوں اور ریونیو عملہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہوٹہ ڈیم کے لئے حاصل کی گئی زمین راولپنڈی اور چکوال کے اضلاع میں واقع ہے اور چکوال میں 7کروڑ 81 لاکھ روپے میں سے 5کروڑ 51 روپے کی ادائیگیاں ہو چکی ہے۔

انہوں نے یہ باتیں کمشنر آفس میں سمال ڈیمز پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں۔ اجلاس میں چیف انجینئر پوٹھوہار معین قریشی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد شعیب، ایکسین سمال ڈیم راولپنڈی مقبول احمد، اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا کہ چکوال میں گبھیر ڈیم کے 10ہزار، 680 کنال زمین کے حصول کیلئے ایوارڈ کا اعلان بھی ایک ہفتہ میں کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں 15سمال ڈیمز ایسے ہیں جن کی رقوم کی ادائیگیاں ریونیو کے مسائل کی وجہ سے تعطل کا شکار ہیں اور ان پر پیش رفت کا جائزہ بھی ہر ہفتہ لیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک کے تمام ریونیو عملہ کو متحرک کیا گیا ہے تاکہ ریونیو کے متعلقہ مسائل جلد حل کئے جا سکیں۔