خونی لکیر کی دوسری جانب بسنے والے مظلوم و محکوم کشمیری عوام بھی مملکت خداد پاکستان کا حصہ بننے کے منتظر ہیں‘راجہ فاروق حیدر

منگل 23 مارچ 2021 14:22

خونی لکیر کی دوسری جانب بسنے والے مظلوم و محکوم کشمیری عوام بھی مملکت ..
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2021ء) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ خونی لکیر کی دوسری جانب بسنے والے مظلوم و محکوم کشمیری عوام بھی مملکت خداد پاکستان کا حصہ بننے کے منتظر ہیں۔کشمیریوں کا مستقبل پاکستان سے جڑا ہے اور اس کو حاصل کرنے کیلئے دوراندیشی اوربالغ نظری کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔

قیام پاکستان کے بعد ہم نے بہت ترقی کی لیکن بدقسمتی سے قومی یکجہتی حاصل نہ کر سکے‘آج بھی قوم تقسیم ہے۔ قائد اعظم نے کہا تھا کہ United you stand, Divided you fall۔ قومی یکجہتی کو قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، زیادہ ذمہ داری حکومت کی ہے۔ حکومت پاکستان کشادہ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تنگ نظری ترک کر ے اور قوم کو یکجا کرے‘ہمارے اردگرد کے حالات بدل رہے ہیں،پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا ہے‘ گھر ٹھیک نہ ہو تو کوئی ہماری مدد کو نہیں آئے گا‘ اس سلسلہ میں بھی پہلی ذمہ داری حکومت کی ہے۔

(جاری ہے)

آج کے تاریخی دن1940میں بانی پاکستان حضرت قائد اعظم کی قیادت میں تاریخی قرداد پاکستان منظور ہو ئی تھی۔ 23مارچ1940کو ایک قرارداد قیام پاکستان جبکہ دوسری قرارداد فلسطین کے حق میں پاس ہوئی تھی،پاکستان میں جمہوری اداروں کو مضبوط کرناہوگا۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے ایوان وزیراعظم میں پرچم کشائی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، وزیر صحت ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزادخان بنگش، انسپکٹرجنرل پولیس صلاح الدین خان، سیکرٹری اطلاعات، سیاحت و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد، سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت حسین، ڈائریکٹرجنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال،کمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساء،ڈی آئی جی پولیس راجہ شہریار سکندر، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا ودیگر بھی موجودتھے۔

وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے کہا کہ پاکستان قائداعظم اور ان کے ساتھیوں کی جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں آیا۔ جب تک جمہوری اصولوں کو نہیں اپنائیں گے ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج یوم قرارداد پاکستان پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف اور گلگت بلتستا ن میں منایا جارہا ہے۔ پاکستان کی خاطر لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش ہوا کشمیرمیں قربانیوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیرکی آزادی کیلئے پاکستان کا اقتصادی طور پر مضبوط ہونا ناگزیر ہے۔ جب تک ہم اقتصادی طور پر مضبوط نہیں ہونگے اس خطے میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل نہیں کرسکتے۔ اپنے گھر کو درست کرنے کی بات ہے تو اپنا گھر درست کرنا ہوگا، بدقسمتی سے ہم نے آدھا پاکستان کھو دیا۔کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کے عوام آپ کی پشت پر ہیں‘کبھی ایسا موقع نہیں آیا کہ پاکستان کے عوام نے کشمیریوں کی جدوجہد کو فراموش کیاہو۔

کشمیری پاکستان کیلئے قربانیاں دے رہیں‘پاکستان نے بھی کشمیریوں کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے قیام پاکستان کیلئے قربانیاں دیں ان کو فراموش نہیں کرسکتے، آج کشمیری بھی قربانیوں کی لازوال داستان رقم کررہے ہیں‘ انشائاللہ وہ دن آئے گا جب کشمیری وطن عزیز پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک دیکھیں گے۔