پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی بشیر احمد ہالیپوتہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

نمازہ جنازہ اور تدفین میں وزیرعلیٰ سندھ،صوبائی وزراء،اراکین اسمبلی اور دیگر سیاسی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد کی شرکت

منگل 23 مارچ 2021 19:37

بدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی بشیر احمد ہالیپوتہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ان کی نمازہ جنازہ اور تدفین میں وزیرعلیٰ سندھ،صوبائی وزراء،اراکین اسمبلی اور دیگر سیاسی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تفصیلات ک مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی اور سینئر سیاست دان اور ہالیپوتہ برادری کے سربراہ سردار بشیر احمد ہالیپوتہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

بشیر احمد ہالیپوتہ جگر کے عارضہ کے باعث کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے ۔ان کی نمازجنازہ اور تدفین ماتلی کے قریب آبائی گائوں فلکارا میں ادا کر دی گئی نمازجنازہ میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ،صوبائی وزیر اسماعیل راہو۔

(جاری ہے)

وزیرعلیٰ کے معاون خصوصی پیر نوراللہ قریشی،ایم پی اے تاج محمد ملاح سمیت دیگر سیاسی سماجی و مذہبی شخصیات صحافیوں سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مرحوم بشیر احمد ہالیپوتہ پی ایس 70 ماتلی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے وہ اس سے قبل 3 بار رکن قومی اسمبلی اور 2 مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی کے ممبر اور ضلعی چئیرمین منتخب ہو چکے ہیں۔بشیر احمد ہالیپوتہ نے سیاست کا آغاز ضیاء دور میں کیا وہ سابق وزیر اعظم محمد خان جونیجو اور سابق وزیراعلیٰ جام صادق کے قریبی ساتھی بھی رہے بعد میں پیپلزپارٹی میں شامل ہو گئے ان کا شمار سندھ کے رویتی اورکلاسیکل وڈیروں میں ہوتا تھا گھوڑوں کی ریس، مرغوں کی لڑائی اور ملاکھڑے کے شوقین تھے۔

نمازہ جنازہ کے موقع پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ مرحوم بشیر احمد علی ہالیپوتہ پاکستان پیپلزپارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے ان کی وفات سے پاکستان پیپلز پارٹی مخلص ساتھی سے محروم ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ سینٹ کے انتخاب کے موقع پر بھی مرحوم کو اسپتال سے سندھ اسمبلی لایا گیا تھا جہاں ویل چیئر پر ان کو ایوان ہال میں قائم پولنگ بوتھ لے جایا گیا۔

بشیر احمد ہالیپوتہ کی وفات پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور اور سندھ کابینہ کے ارکان ،وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا،سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، سندھ اسمبلی کے رکن حسنین مرزا،سینیٹر ڈاکٹر سکندر مندھرو،میر اللہ بخش تالپور،سیاسی شخصیات علی اکبر نظامانی، سابق سینیٹر بی بی یاسمین شاہ،سید علی بخش عرف پپو شاہ،قبول محمد کھٹیان، علی انور ہالیپوتہ، حاجی رمضان چانڈیو،حاجی سائیں بخش جمالی، عبدالغفور نظامانی، بشیر احمد سریوال، پیر امجد صدیقی، عبدالرحمان بلوچ ،میر وقار تالپور، گل محمد سریوال، محمد بچل اریسر،فدا حسین مندھرو،امیر حسن کھوسو، میر ملاح ریاض نظامانی، ڈاکٹر عبداللہ تالپور، میر لکھی جمالی، شاہد ورک، حاجی شیر جمالی، ریاض بھڑ، رسول بخش مندھرو، عباء الحق ہالیپوتہ، قلندر ہالیپوتہ، ڈاڈا محمد ہالیپوتہ،ایم پی اے تنزیلہ قمرانی، ساجدہ تالپور، یاسمین خان اور دیگر نے سینئر سیاست دان اور رکن صوبائی اسمبلی بشیر احمد ہالیپوتہ کے انتقال پرگہرے رنج وغم اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی ہے