بتایاجائے کتوں کو پکڑنے اور مارنے کا کام کون کررہاہے حلیم عادل شیخ

عدالتی فیصلہ آنے کے بعد سب ارکان اسمبلی پریشان ہیں ،محمد حسین ،عدالتی فیصلے پر اپنا موقف دینا چاہیے ،شرجیل انعام میمن

جمعرات 25 مارچ 2021 22:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2021ء) سندھ میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور اس کے نتیجے میں ارکان سندھ اسمبلی کی رکنیت کی معطلی کا معاملہ جمعرات کو سندھ اسمبلی میں بھی زیر بحث آگیا اور اس موضوع پر حکومت و اپوزیشن ارکان نے اپنا نقطہ نظر پیش کیا ۔قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے ایوان میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہمیں بتایاجائے کہ کتوں کو پکڑنے اور مارنے کا کام کون کررہاہے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ارکان کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔

ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین نے کہا کہ عدالتی فیصلہ آنے کے بعد سب ارکان اسمبلی پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات نے کتے مارنے کی مہم پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا اگر وہ ہمیں اعتماد میں لیتا تو کتا مار مہم پر تعاون کرتے۔

(جاری ہے)

جس پر اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ کیا آپ بھی کتامارتے آغاسراج نے کہا کہ میں بھی وزیر بلدیات رہاہوں کتامارمہم بلدیات کا کام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کتامارنا تو گناہ ہے ۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رکن شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ارکان اسمبلی کا کام قانون سازی ہے،انسداد سگ گزیدگی ارکان اسمبلی کا کام نہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر ہمیں اپناموقف دینا چاہیے اورتمام پارلیمانی جماعتوں کے ارکان مشترکہ پٹیشن عدالت میں داخل کریں۔بعدازاںسندھ اسمبلی کا اجلاس جمعے کی صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔