Live Updates

سردار علی گوہر خان مہر کے بھتیجے اور سابق وزیراعلی سندھ مرحوم علی محمد مہرکے صاحبزادے علی احمدمہر پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے

بلاول بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں، سردار احمدعلی مہر

جمعرات 25 مارچ 2021 22:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2021ء) جی ڈی اے کے اہم رہنما سردار علی گوہر خان مہر کے بھتیجے اور سابق وزیراعلی سندھ مرحوم علی محمد مہرکے صاحبزادے علی احمدمہر نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان جمعرات کو گزری میں واقع اپنی قیام گاہ پر پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور ، پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے علی احمد مہر کو پارٹی میں شمولیت کا پرجوش طریقے سے خیرمقدم کیا۔اس موقع پر احمد علی مہر نے کہاکہ وہ بلاول بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگائی سمیت ہر ایشو پر عوام کو ریلیف صرف پیپلز پارٹی ہی دے سکتی ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ کتے مارنے پر ایم پی ایز کی معطلی حیرت انگیز ہے اس عدالتی فیصلے کے خلاف ہم نظر ثانی درخواست دائر کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ کتے کاٹنے کے واقعات پورے ملک میں ہوتے ہیں اور کتے کاٹنے پر سندھ میں ایم پی ایز کی معطلی درست فیصلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں صوبے کا وزیراعلی ہوں شہریار شر سمیت کوئی بھی شخص مجھ سے مل سکتا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ شہریار شر نے تو سینیٹ میں پی ٹی آئی کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا تھا یہ ان کا حق تھا کیوں کے ووٹ ضمیر کا ہوتا ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کو افسران نہیں دیتی اس لئے سندھ میں افسران کا بحران پیدا ہو رہا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاق کوگریڈ 21 کے 16 افسران سندھ کو دینے ہیں جو کے سندھ کو نہیں دئے جا رہے اور جو افسران سندھ میں کام کر رہے ہیں ان کی خدمات واپس لینا چاھتے ہیں۔۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کو جو افسران دینے ہیں وہ نہیں دے رہے جس وجہ سے سندھ کو افسران کے بحران کے سامناہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اسٹیٹ بینک کو جو اختیارات دینا چاھتی ہیے وہ ملک کے لئے خطرناک ثابت ہونگے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو اختیارات دینے کے معاملے پر ضرورت پڑی تو اسمبلی سے قرارداد منظور کرکے اس معاملے کو وفاق کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صالح پٹ میں صحافی کے قتل کے متعلق کچھ سراغ ملے ہیں جلد گرفتاریاں ہونے والی ہیں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ عوام کے مسائل اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی ملک میں عوام کی حکمرانی اور حقیقی جمہوریت کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو کی قیادت میں اس سلیکٹڈ حکمرانوں کو گھر بھیج کر رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید کی پارٹی اب کروڑوں لوگوں کے دلوں پر راج کرتی ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جن اراکین پر بکنے کا الزام لگایا اور ان اراکین سے ووٹ لیا ان سے پہلے وہ معافی مانگیں۔اس موقع پر فریال تالپور نے کہا کہ علی گوہر مہر پیپلز پارٹی میں آرہے ہیں نہ پیپلز پارٹی نے ان سے شمولیت کے لئے کوئی رابطہ کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات