ملک کی ترقی وسلامتی اوراستحکام و بقاء صرف اسلامی نظام کے نفاذ میں ہی مضمر ہے،سید محمد کفیل بخاری

ہفتہ 27 مارچ 2021 21:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2021ء) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ لاکھوں جتن کر لیے جائیں لیکن ملک کی ترقی وسلامتی اوراستحکام و بقاء صرف اسلامی نظام کے نفاذ میں ہی مضمر ہے۔ وہ گزشتہ روز چیچہ وطنی میں اپنی جماعت کے کارکن رانا قمر الاسلام کی صاحبزادی کے نکاح مسنونہ اور فرخ چیمہ ایڈووکیٹ اور محمد یوسف جمال ٹیکہ کے اتنقال پر تعزیت کے بعد مجلس احرار اسلام کے رہنماؤں اور کاررکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خطہ بڑی طویل قربانیوں کے بعد محض کلمہٴ اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اور ہماری ماؤں ،بہنوں اور بیٹیوں نے اپنی عصمت اس لیے لٹوائی تھی کہ یہاں اسلامی قوانین کا نفاذ ہو سکے لیکن آج تک یہی نہ ہوا جس کے لیے یہ وطن حاصل کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت جیسے قوانین کے دفاع کی پر امن جد و جہد ہر حال میں جاری رہے گی اور عورت مارچ کے نام پر ربوہ برانڈ ارتداد کے راستے میں پوری قوت سے مزاحمت کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی فنڈنگ کے ذریعے ملک کی نظریاتی اساس کو نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فٹف (F T F)کے مطالبات پر وقف املاک کے حوالے سے قومی اسمبلی ،سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں جو بل علماء کی مشاورت کے بغیر پاس کروایا گیا ہے اور اس پر عمل درآمد کرنے کے لیے حکومتی مشینری حرکت میں بھی آچکی ہے یہ فیصلہ مدارس اور مساجد کے لیے کسی خطرے سے خالی نہیں علماء کرام کو اس بارے سر جوڑ کر سوچ وبچار کرنا ہوگی ۔