انتظامی مسائل کے باعث احسان مانی ،وسیم خان کو توسیع ملنے کے امکانات مزید کم ہوگئے

چیئرمین کو توسیع نہ ملنے پرسی ای اوعہدے پر رہنے کا جواز کھو بیٹھیں گے، پی ایس ایل 6 کے التوا کی غلطیاں نظر انداز کرنا پیٹرن انچیف وزیراعظم عمران خان کیلئے بھی آسان نہ ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 31 مارچ 2021 13:04

انتظامی مسائل کے باعث احسان مانی ،وسیم خان کو توسیع ملنے کے امکانات ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔31 مارچ 2021ء ) پی سی بی کے انتظامی مسائل نے احسانی مانی اور وسیم خان کی توسیع ملنے کے امکانات کو مزید کم کردیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے 3 سالہ کنٹریکٹ کی مدت رواں سال ستمبر کے اوائل میں ختم ہوجائے گی جب کہ چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا معاہدہ فروری 2022ء تک ہے، فریقین کی رضامندی سے اس میں یک سالہ توسیع کی شق شامل ہے۔

اگرچہ کرکٹ بورڈ کے دونوں بڑے مزید کام جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کرچکے ہیں لیکن اب یہ معاملہ پہلے جتنا سادہ نہیں رہا ہے،سابق پی سی بی سربراہان نجم سیٹھی اور شہریار خان کی کاوشوں سے غیرملکی ٹیموں کی آمد کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا اسے آگے بڑھاتے ہوئے موجودہ مینجمنٹ نے جنوبی افریقی ٹیم کی ٹیسٹ سیریز میں میزبانی کامیابی سے کی۔

(جاری ہے)

پاکستان نے پروٹیز کے خلاف سیریز بھی جیت لی، سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کے بعد پوری پی ایس ایل پاکستان میں کرانے کا حوصلہ بھی پیدا ہوا اور موجودہ کرکٹ بورڈ شاید اس کو تھوڑا بہتر بنانے کا کریڈٹ لینے کا دعویٰ بھی کرسکتا ہے مگر فاش انتظامی غلطیوں کی وجہ سے پی ایس ایل 6 کا میلہ جس طرح اجڑا اس کے باعث پی سی بی کے دونوں بڑے شدید تنقید کی زد میں آئے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بنایا جانے والا نیا ڈومیسٹک سٹرکچر ڈھائی سال گزرنے کے باوجود ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا جبکہ قومی ٹیم کی بیرون ملک شکستوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 6 ملتوی ہونے کا سبب بننے والی غلطیاں نظر انداز کرنا پیٹرن انچیف اور وزیراعظم عمران خان کیلئے بھی آسان نہ ہوگا،اگر ستمبر میں احسان مانی کو جانا پڑا تو نئے چیئرمین کی تقرری کے بعد چیف ایگزیکٹیو وسیم خان بھی عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز کھوبیٹھیں گے۔