بنوں،اقوام بکاخیل نے بجلی کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ڈول کی تھاپ پر بنوں میرانشاہ روڈ پر دھرنا دیا

بدھ 31 مارچ 2021 22:57

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2021ء) اقوام بکاخیل نے بجلی کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ڈول کی تھاپ پر بنوں میرانشاہ روڈ پر دھرنا دیا اور روڈ کو کئی گھنٹوں تک بند رکھا جس سے مال بردار سواری والے گاڑیوںکی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ملک اسد خان وزیر ، سکندر خان ، معصوم وزیر ،دل اسلام خان وزیر و دیگر نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد سے باقاعدہ انتظامیہ کے ساتھ قوم کا معاہدہ طے ہوا تھا کہ فی گھرانہ بجلی بل کی مد میں ایک ہزار روپے ماہانہ جمع کرے گی جس پر اتفاق ہوا پیسے جمع کرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور ماہانہ ہم باقاعدگی سے ساڑے سات لاکھ روپے جمع کرتے رہے لیکن اب پتہ نہیں کہ ہمیں 24گھنٹوں میں سے ایک گھنٹے بجلی دیکر 23 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کیوں کی جا رہی ہے ہمارے جمع کردہ پیسے سرکاری خزانے میں نہیں جاتے بلکہ اس کیلئے جو ایجنٹ مقرر کیا ہے یا تو وہ ہڑپ کر رہے ہیں اور یا واپڈا آفسران اپنی تجوریاں بھرنے لگے ہیں مظاہرین نے کہا کہ اس کے باوجود واپڈا والوں نے لوڈ شیڈنگ کی انتہاء کی ہے لیکن یہ بھی پتہ ہونا چاہیئے کہ اگر ہماری بجلی منقطع کی گئی تو ہمارے اوپر گزرے ہوئے لائنوں میں زنجیریں لٹکاکر سب کی بجلی منقطع کریں گے ہمارے صبر کا پیمانہ مزید لبریز ہو گیا اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے آفسران نے آکر مظاہرین کیساتھ مذاکرات کئے مظاہرین نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اڈوں اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے نئے آنے والے تین آفسران کو تبدیل کیا جائے کیونکہ اس سے قومی انتشار پیدا ہو نے کا خطرہ ہے ضلعی انتظامیہ کے آفسران نے آج تک مہلت مانگ لی اور مشران کیساتھ واپڈا دفتر میں دوبارہ مذاکرات کا مطالبہ کیا جس پر اتفاق ہوا اور مظاہرین پر امن منتشر ہو ئے اور روڈ کھول دیا ۔