نیب کی درخواست پر نواز شریف و اہلخانہ کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر، چھ اپریل کو کیس سنا جائیگا

بدھ 31 مارچ 2021 23:53

اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2021ء) قومی احتساب بیورو(نیب) کی درخواست پر مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔نیب نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر کے متفرق درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست کی۔

نیب نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اپیلوں پر آخری سماعت 9 دسمبر 2020 کو مقرر تھی اور کازلسٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے سماعت نہیں ہو سکی تھی۔درخواست میں کہا گیا کہ دسمبر 2020 کے بعد اپیلوں پر سماعت کے لیے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی جا سکی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں احتساب عدالتوں میں کیسز آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ نیب کیسز پر جلد فیصلوں کے لیے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ ان کیسز میں نواز شریف کو اشتہاری قرار دے چکی ہے اور نواز شریف جان بوجھ کر عدالت کے سامنے پیش نہیں ہو رہے۔ان کا کہنا ہے کہ عدالتی استفسار پر کیسز کو آگے بڑھانے کے لیے جواب عدالت میں جمع کرانے کے لیے تیار ہیں لہٰذا نواز شریف کے میگا کرپشن کے کیسز جلد سماعت کے لیے مقرر کیے جائیں۔نیب نے استدعا کی کہ ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ اپیلیں جلد مقرر کی جائیں۔رجسٹرار آفس نے نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف متفرق درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کردیا اور 6 اپریل کو نیب کی جانب سے دائر متفرق درخواست پر سماعت کی جائے گی۔